بانہال // جموں سینٹرل کوآپریٹو بنک میں اکتالیس سالوں تک اپنا فرض خوش اسلوبی سے انجام دینے کے بعد منیجر خواجہ بشیر احمد وانی اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے ہیں اور ان کے اعزاز میں تحصیل ہیڈکوارٹر کھڑی میں مقامی لوگوں کی طرف سے ایک الوداعی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت سب ڈویژنل مجسٹریٹ رامسو وقار احمد گیری نے کی،جبکہ بنک عملہ اور کھڑی کے معزز شہر یوں سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ بھی اس الوداعی تقریب میں موجود تھے ۔بشیر احمد وانی ولد مرحوم خواجہ عبدالعزیز وانی ساکنہ کسکوٹ بانہال نے کوآپریٹو بنک میں سنہ 1977 میں شمولیت کی اور صوبہ جموں کے مختلف علاقوں میں اپنا فرض ایمانداری اور خوش اسلوبی سے انجام دیتے رہے اور وہ اپنی محنت ، لگن ، دیانتداری اور تندہی سے منیجر کے عہدے پر پہنچ کر 41 سال بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہوئے۔ الوداعی تقریب میں مقررین نے کہا کہ بشیر احمد نے اکتوبر 2015 میں بطور منیجر کوآپریٹو بنک کھڑی میں اس وقت چارج سنبھالا جب اس بنک ایکسٹنشن کونٹر کو بند کرنے کی بات ہورہی تھی۔ انہوں نے کہا اس پسماندہ علاقے میں اپنا چارج سنبھالنے کے بعد انہوں نے حسب روایت اپنی محنت لگن قابلیت اور اعلی اخلاق کی وجہ سے نہ صرف کوآپریٹو بنک برانچ کھڑی کو بہتر مقام پر لاکھڑا کیا بلکہ لوگوں کو بھی ان سکیموں اور پالسیوں سے مستفید کیا جو بنک چلاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ بشیر احمد کی فرض شناسی کے اعزاز میں دی گئی آج کی تقریب ان سرکاری ملازموں کیلئے ایک سبق ہونا چاہئے جو تحصیل کھڑی سے ماہانہ لاکھوں روپئے کی تنخواہیں وصولنے کے باوجود بھی اپنے فرض منصبی سے لاپرواہی برت رہے ہیں۔ انہوں نے انکی مستقبل کی زندگی کیلئے انہیں دعائیں دیں اور انہیں باعزت طریقے سے اپنے فرض منصبی سے سبکدوش ہونے پر مبارکباد پیش کی۔اس موقعہ پر پیر جلال الدین مخدومی ، امام حئی مرکزی جامع مسجد کھڑی مولوی غلام قادر، مولانا عطااللہ مفتاحی ، بشیر احمد نائیک ، محمد صفدر وانی ، فاروق احمد نائیک ، سابقہ منیجر عبدالرشید قریشی اور صدر محفل ایس ڈی ایم رامسو اور سابقہ ڈپٹی رجسٹرار کوآپریٹو وقار احمد گیری نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔