بھدرواہ/سنیل کمار شرما اور شکتی راج پریہا ر نے وزیر برائے بجلی اور وزیر مملکت برائے تعلیم و سیاحت کا قلمدان سنبھالنے کے فوراً بعد ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار کے ہمراہ بھدرواہ کا دورہ کیا ۔لوگوں نے وزراء کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ استقبال کیااور مخلوط سرکار کا شکریہ ادا کیا۔ انہوںنے امید ظاہر کی کہ چناب ویلی کی ترقی اور علاقے کے پچھڑے طبقوں کی بہبودی یقینی بنائی جائے گی۔بجلی کے وزیر نے اپنی تقریر میں کہا کہ چناب ویلی کی زیادہ آبادی دیہی علاقوں میں رہائش پذیر ہے اور حکومت ان کی دہلیز پر تمام بنیادی ضرورت کی اشیاء فراہم کرے گی۔دریا ئے چناب پر مزید پن بجلی پروجیکٹ قائم کرنے سے علاقے میں بجلی کی فراہمی میں اور زیادہ بہتری لائی جاسکے گی بلکہ لوگوں کو روزگار کے وسیع مواقع فراہم کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔