کھٹوعہ کیس کی پٹھانکوٹ منتقلی پر اظہار اطمنان
رام بن//ضلع کٹھوعہ کے علاقہ رسانہ میں معصوم بچی کی وحشیانہ ہلاکت اور عصمت ریزی کے معاملے شنوائی کے لئے پٹھان کوٹ منتقل کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلے کی اس معصوم بچی کے والد ، آل ٹرئبل کارڈی نیشن کمیٹی سول سوسائیٹی اور گوجر و بکروال تنظیموں کے عہدے داروںنے خیرمقدم کیا ہے ، سپریم کورٹ نے سوموار کو یہ معاملہ شنوائی کے لئے پٹھان کوٹ منتقل کیا ہے ۔ اس معاملے کی سی بی آئی کے ذریعہ تحقیقات کرانے کی مانگ کو مسترد کرنے کے سپریم کورٹ کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا گیا ہے ۔ آل ٹرائبل کارڈی نیشن کمیٹی ضلع یونٹ رام بن نے ریاستی سرکار سے کہا ہے پٹھان کوٹ میں اس کیس کی پیروی کے لئے ایک ایماندار ، ذہین اور محنتی پراسی کیوٹر کو مقرر کرے تاکہ متاثرہ کو انصاف مل سکے۔
برنیاں سیاحوں کی نظروں سے اوجھل
اے آئی بٹ
کشتواڑ//ضلع کا موضع پوچھال، کشتواڑ میں سیاحت کا ایک دلکش مقام جس میں سیاحت کی نمایاں خصوصیات جیسے کہ گھنے جنگلات، سر سبز میدان ،زعفران کے لہلہاتے کھیت ہیں، ناقص سڑک رابطہ کی وجہ سے سیاحوں کی نظروں سے اوجھل ہے۔اسکے تھوڑی دور یعنی ضلع صدر مقام سے3کلو میٹر کی دوری پر ایک سیاحتی مقام برنیان ہے ،جو کہ سڑک رابطہ نہ ہونے کی وجہ سے سیاحوں کو اس علاقہ میں وارد ہونے سے روکتا ہے۔اس علاقہ کے بعض خوبصورت مقام جیسے کہ برنیان جنگلاتی علاقہ ،قدرتی آبی وسائل بشمول آرچی، دملین، کندالی جو کہ ایک ساحل پر ہیں ،جو کہ سیاحوں کی دلکش بن سکتی ہیں۔برنیان علاقہ میںسیاحوں کی پہلے ہی کافی گنجائش ہے کیونکہ محکمہ جنگلات کشتواڑ نے بھی اس سیاحتی علاقہ میں ایک تربیتی مرکز قائم کیا ہے لیکن مکینوں کا کہنا ہے کہ وہاں پر مشکل سے ہی کوئی سیاح آتا ہے۔میٹا ڈار اسٹینڈ پوچھال سے برنیان تک کی سڑک انتہائی خستہ ہے ،سیاحوں کو اپنی گاڑیاں میٹا ڈار اسٹینڈ پوچھل کے پاس پارک کرکے برنیان سیاحتی مقام کی جانب کیچڑ اور خستہ سڑک سے مجبور ہو کر پیدل جانا پڑتا ہے۔مکینوں نے یہ بھی کہا کہ موضع پوچھال کے مقامی لو گوں کو دہائیوں سے سڑک کی نان
ایلائنمینٹ کی وجہ سے کافی مصائب کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اُن کا کہنا ہے کہ متعلقہ محکمہ نے کئی دہائی قبل اس سڑک کی نشاندہی کی ہے اور اس کو بغیر بلیک ٹاپنگ کے ہی چھوڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ موسم گرما آرہا ہے اور یہ سیاحتی مقام نہ صرف کشتواڑ بلکہ اس سے کئی میلوں کی دوری پر واقع دیہات کے طلاب بشمول عام لوگوںکیلئے پکنک کا مرکز بن جاتاہے۔در اصل یہ علاقہ ضلع صدر مقام سے تین کلو میٹر کی دوری پر واقع ہے۔ اُن لوگوں نے مقامی لیجسلیٹر سے یہ معاملہ اعلیٰ حُکام کے ساتھ اُٹھانے کی اپیل کی ہے،تاکہ یہ ایک اعلیٰ سیاحتی مقام بن سکے۔اُنہوں نے کہا ہے کہ سابقہ مخلوط سرکار کے تب کے وزیر سیاحت نوانگ رنگزن جورا نے علاقہ کے لوگوں کو اپنے دورہ کے دوران یقین دلایا تھا کہ میٹا ڈار سٹینڈ پوچھال سے برنیان تک کے ایک کلو میٹر تک کی سڑک کی تعمیر فوری طور شروع کی جائے گی لیکن تا دم اس میں کچھ نہیں ہوا ہے۔ان لوگوں نے کہا کہ برنیان علاقہ میں متعدد زعفران کے کھیت ہیںاور بارشوں کے موسم میں سڑکوں پر گڑھے ہونے کی وجہ سے لوگوں کو اپنے کھیتوں تک جانے میں کافی دشواریاں آتی ہیں۔کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے پوچھال کے مقامی لوگوں نے کہا کہ اس خوبصورت مقام میں پکنک پر جانے والوں کیلئے کافی گنجائش ہے لیکن عام طور سے سیاح وہاں جانے سے کتراتے ہیں کیونکہ انہیں سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ایک کلو میٹر کی مسافت پیدل طے کرنا پڑتی ہے۔برنیان کے ایک سیاح نے کہا کہ یہ جگہ قدرتی طور خوبصورت ہے اور اگر وہاں پر ایک مناسب سڑک ہوتی تو مُجھے یقین ہے کہ یہ کشتواڑ میں سیاحوں کی دلکش کا ایک اچھا مقام ثابت ہوگا ۔پوچھال کے مکینوں نے بھی کہا کہ سرکار کو چاہیے کہ وہ اب اس سڑک کی تعمیر کے لئے کام شروع کرے ،تاکہ عوام کو فائدہ ہو۔
نوجوان کی گلا کاٹ کر خود کشی کی کوشش
مزید علاج کے لئے میڈیکل کالج جموں منتقل
عظمیٰ نیوز
کشتواڑ//ایک غیر ریاستی 20سالہ نو جوان حسن شیخ ولد جمال شیخ ساکنہ مغربی بنگال نے اپنی عارضی رہائش گا ہ بازار مسجد کشتواڑ نے سبزی کاٹنے والی چھری سے اپنا گلہ کاٹ کر خودکشی کرنے کی کوشش کی۔ایس ایس پی کشتواڑ ابرار احمد چودھری نے بتایا کہ مذکورہ شخس دماغی طور سے پریشان تھا۔انہوں نے بتایا کہ حسن کے بھائی حشمت شیخ جو موقع پر موجود تھے نے مداخلت کرتے ہوئے اس کے ہاتھ سے چھری چھین لی ۔چھوٹے بھائی کے چیخ و پکار سن کر لوگ اور پولیس جائے واردات پر پہونچے اور زخمی کو ضلع ہسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کا علاج شروع کیا۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے ابتدائی علاج کے بعد زخمی کو مزید علاج کیلئے میڈیکل کالج جموں ریفر کیا۔انہوں نے کہا کہ کچھ شرارتی لوگوں نے حسن کی موت یا قتل کی افواہ پھلائی لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہوا ہے۔ تا ہم پولیس نے اس سلسلہ میں ھسں کے بھائی اور ماموں کے بیانات قلمبند کئے ہیں ۔دریں اثناء اطلاعت کے مطابق زخمی کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ایس ایس پی کشتواڑ نے کہا کہ پولیس افواہ پھیلانے والوں کی تلاش کر رہی ہے جن کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی
نیل۔چملواس رابطہ سڑک پر بڑا حادثہ ٹل گیا
محمد تسکین
بانہال // بانہال کے علاقے میں چملواس۔ نیل رابطہ سڑک پر پیر کے روز ایک بڑا حادثہ اْسوقت ٹل گیا جب ایک مقامی منی بس کا ایک پہیہ سڑک سے باہر نکل گیا اور گاڑی ایک گہری کھائی میں گرنے سے بال بال بچ گئی۔ واقع کے وقت منی بس مسافروں سے بھری ہوئی تھی اور نیل سے بانہال کی طرف آرہی تھی۔ یہ واقع نیل چملواس رابطہ سڑک پر شالگڑی کے نزدیک پیش آیا۔ بتایا جاتا ہے کہ منی بس کا اگلا ٹائیر سڑک کے کنارے سے باہر سر گیا اور ڈرائیور نے کمال کی پھرتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بریک لگائی اور گاڑی کو نیچے گہری کھائی میں گرنے سے بچالیا اور ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ بارش کی وجہ سے سڑک پر سلپ تھی اور اسی وجہ سے گاڑی سلپ کر گئی اور ایک گہری کھائی میں گرتے گرتے بچ گئی۔
ایم ایل اے بھدرواہ کا عوامی شکایت ازالہ کیمپ
تھلیلہ۔ بھیلہ سڑک پر پل کا افتتاح کیا
بھدرواہ//ایم ایل بھدرواہ نے لوگوں کے مسائل سننے کیلئے پونیجہ میں ایک عوامی شکایت کیمپ کا انعقاد کیا جس میں مقامی اور مضافاتی علاقوں کے لوگوںکی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی اور انہیں اپنے مطالبات اور مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقعہ پر لوگوں نے پینے کے پانی کی بہتر سپلائی،تھلیلہ پونیجہ سڑک پر بلیک ٹاپنگ،علاقہ میں رسیونگ سٹیشن کی تعمیر،بھالڑا سے گھاٹیموڑ رابطہ سڑک۔جموں کشمیر بینک کا قیام، گائوں میںانیمل ہسبنڈری ڈسپنسری اور پبلک ہیلتھ سینٹر کا قیام،ہائی سکول کا درجہ بڑھا کر ہائر سکینڈری سکول کرنا ،سکول میں مناسب عملہ اور بجلی کی سپلائی میں بہتری شامل ہیں۔ایم ایل اے نے لوگوں کے مسائل غور سے سنے اور انہیں میعاد مدت کے اندر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے موقعہ پر ہی متعلقہ محکموں بشمول ایکسئن پی ایچ ای ،پی ڈی ڈی کو پانی کی سپلائی اور بجلی کی سپلائی کے احکامات دیئے۔ایم ایل اے نے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔قبل ازیں ایم ایل اے نیتھلیلہ ۔بھیلہ سڑک پر پی ڈبلیو ڈی محکمہ کی جانب سے1.23. کرواڑ روپے کی لاگت کا 20میٹر سپین کا سٹیل موٹروبل پل کا افتتاح کیا۔ایم ایل اے نے پرائم منسٹر اجوالا یوجنا کے تحت ضرورت مند خواتین میں ایل پی جی کنکشن تقسیم کئے ۔اس موقعہ پر ڈی پی او ڈوڈہ،بی ڈی او چرالہ،اے ڈی آر ڈی ڈی،اے ای ای ،سابق سرپنچ اور دیگر محکموں کے اہلکار موجود تھے۔
مڈل سکول شنوگ میں میٹنگ کا اہتمام
زاہد ملک
مہور// 16سکولوں کے کیمپلکس انچارج ہیڈ ماسٹر گورنمنٹ مڈل سکول شنوگ بلونت سنگھ نے کیپلکس میں آنے والے ہیڈ ماسٹروں اور اساتذہ کیلئے ٹریننگ پروگرام کا انعقاد کیا۔میٹنگ کا مقصد طلباء کو ڈاٹا فارمیٹ بھرنے کے لئے اساتذہ کو سکھانا تھا۔ ٹریننگ میں مختلف سکولوں کے انچاج ہیڈ ٹیچرس نے شرکت کی۔اس موقعہ پر بلونت سنگھ نے اساتذہ کو وقت کی پابندی ،باقائدگی ،ایمانداری اور طلباء کیلئے لگن پر زور دیا اور اساتذہ کو بچوں کے تئیں اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہئے۔
کشتواڑ ۔چیرجی میں ’’تمباکو کے مضر اثرات‘‘ پرلیکچر کا اہتمام
کشتواڑ//تمباکو کے انسانی صحت پر مضر اثرات کے بارے میں عام لوگوں کا جانکاری فراہم کرنے کے لئے بھارتیہ فوج کی جانب سے چیرجی کشتواڑ میں ایک لیکچر کا اہتما م کیا گیا ۔ اس دوران لوگوں کو تمباکوکے استعمال سے صحت پر پڑنے والے مضر اثرات کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی گئی۔ مقررین نے نوجوانوں کو بتایا کہ تمباکو کے استعمال سے کینسر، دل کا عارضہ ، نظام ہاضمہ کی خرابی اور دیگر بیماریاں پیدا ہوسکتی ہیں۔اس لئے بہتر صحت کے لئے تمباکو سے پرہیز لازمی ہے۔مقامی لوگوں نے فوج کے اس قدم کو سراہا۔