سرینگر//لیتہ پورہ فدائین حملے سے متعلق پولیس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ پولیس ضلع اونتی پورہ نے لدو موڑ لیتہ پورہ پر سوا تین بجے ہوئے حملے میں جموں سے سرینگر آرہی سی آر پی ایف کانوائے کی گاڑی زد میں آئی جس میں متعدد ہلاکتیں ہوئیں جن کی صحیح تعداد کا پتہ لگایا جارہا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ کانوائے میں شامل ایک گاڑی اس حملے کی زد میں آئی ۔ابھی تک 33ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے ۔زخمیوں کو فوری طور اسپتال پہنچایا گیا ہے ۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے اور صورتحال کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے ۔پولیس نے اس حملے کی مذمت کی ہے اور جاں بحق ہوئے اہلکاروں کے کنبوں کے ساتھ غم کی اس گھڑی میں شریک ہے ۔بیان میں عام شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دھماکے کی جگہ سے دور رہیں جب تک کہ اس جگہ کو بارودی مواد سے صاف کیا جائے، نیز تحقیقاتی ٹیم کو ضروری نمونے حاصل ہوسکیں ۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر انہیں اس سلسلے میں کوئی معلومات میسر ہوں تو پولیس کے ساتھ رابطہ کریں ۔