سرینگر//گورنر ستیہ پال ملک نے سی آر پی ایف کانوائے پر ہوئے ملی ٹینٹوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔گورنر نے ان بہادر سپاہیوں کے کنبوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا اور اس حملے میں زخمی ہوئے جوانوں کی جلد صحت یابی کی دُعا کی۔سلامتی فورسز پر ملی ٹینٹوں کے حملے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جو طاقتیں اس بزدلانہ حرکت میں ملوث ہوں گی وہ صرف اپنی موجودگی ثابت کرنا چاہتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ظاہری طور پر ان لوگوں کی رہنمائی سرحد پارسے جیش محمد گرؤپ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حرکات سے سلامتی افواج کے عزم میں کوئی فرق نہیں آئے گا اور آخر کار ایسی قوتوں کا خاتمہ کیا جائے گا۔گورنر نے تمام سیکورٹی فورسز کمانڈرز پر زور دیا کہ وہ ہر محاذ پر اپنی نگرانی میں اضافہ کریں۔انہوں نے ضلع و صوبائی سول اور پولیس انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ تمام اہم تنصیبات پر سیکورٹی کے انتظامات کا فوری جائیزہ لیں۔