سرینگر // لیتہ پورہ حملہ کے ایک ہفتہ قبل پولیس نے سی آر پی ایف سمیت سبھی سیکورٹی فورسز کو مطلع کیا تھا کہ اس بات کا خدشہ ہے کہ بارودی سرنگ کا دھماکہ کیا جاسکتا ہے لہٰذا اس کے لئے قبل از وقت تدابیر کئے جائیں۔8فروری کو کشمیر پولیس نے سراغ رسانی کے توسط سے ملی اطلاع کی بنیاد پر سی آر پی ایف، بی ایس ایف،ایس ایس بی، آئی ٹی بی ،فوج اور ائر فورس کو وارننگ دی تھی کہ باردو سرنگ کا حملہ ہوسکتا ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس کشمیر زون کی طرف سے یہ چھٹی سبھی سیکورٹی فورسز یونٹوں کو ارسال کی گئی تھی۔سراغ رسانی کے ذریعہ حاصل معلومات کے بارے میں آئی جی پی نے سبھی سیکورٹی ایجنسیوں سے کہا تھا کہ وہ’’ اپنی تعیناتی اور ڈیوٹیوں کی جگہوںکی باریک بینی سے دیکھ ریکھ کی جائے، تاکہ کسی بھی خدشہ کا امکان نہ رہے،کیونکہ ایسی اطلاعات ہیں کہ باردودی سرنگ کا استعمال کیا جاسکتا ہے‘‘۔ اس چھٹی کے اوپر’’بہت ضروری‘‘ لکھا گیا تھا۔یہ چھٹیاں ڈی آئی جی سی آر پی ایف جنوبی و شمالی سرینگر،شمالی کشمیر بارہمولہ،جنوبی کشمیر اونتی پورہ، اننت ناگ، ڈی آئی جی ایس ایس بی ساوتھ ہیڈکوارٹرس سپیشل آپریشنز کشمیر، اور وادی کے تمام ایس ایس پیز کو بھیج دی گئی تھیں۔اس اطلاع کو اسکے علاوہ آئی جی پی سی آر پی ایف کشمیرآئی جی بی ایس ایف ہیڈکوارٹر کشمیر،پولیس کے تمام ڈی آئی جیز، بریگیڈئر جنرل سٹاف آپریشنز پندرہویں کور ،ڈی آئی جی آئی ٹی بی، ائر فورس،کمانڈنٹ سی آئی ایس ایف اور ایس ایس پی آرمڈ پولیس کنٹرول روم سرینگر کو بھی روانہ کی گئی تھی۔