نئی دہلی // وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے اور ہم شہیدوں کے خون کی ایک ایک بوند کی قیمت لے کر رہیں گے ۔نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بھارت ایکسپریس’ کو ہری جھنڈی دکھانے سے قبل مسٹر مودی نے کہا ‘‘ملک کی خدمت کرتے ہوئے اپنی جان قربان کرنے والے شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ میری اور ہر ہندستانی کی ہمدردی ہے،سیکورٹی فورسز کو مکمل آزادی دے دی گئی ہے،ہمیں سلامتی دستوں پر پورا بھروسہ ہے ۔ انہوں نے ملی ٹینٹ تنظیموں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ‘‘وہ بہت بڑی غلطی کرچکے ہیں انہیں اس کی بہت بڑی قیمت چکانی پڑے گی،میں قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ اس حملے کے پیچھے جو بھی طاقتیں ہیں انہیں سزا ملے گی‘‘۔انہوں نے پاکستان کا نام لئے بغیر کہا ’’اگر پڑوسی ملک کو لگتا ہے کہ ایسی تباہی مچا کر وہ ہندوستان کو بدحال کر سکتا ہے تو یہ اس کی غلطی ہے، 120کروڑ ہندوستانی ایسی ہر سازش، ہر حملے کا جواب دے گا، ایسے حملوں کا ملک ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔ یہ ملک ر کنے والا نہیں ہے ‘‘۔ مودی نے کہا کہ انسانیت پسند قوتوں کو دہشت گردی کے خلاف ہاتھ ملانا ہوگا۔