مینڈھر//اگرچہ حدمتارکہ پر کسی حد تک خاموشی چھائی ہے تاہم جانی تحفظ کیلئے بڑے پیمانے پر لوگ نقل مکانی کررہے ہیں۔ ضلع پونچھ میں2خواتین اور 2بچوں کی ہلاکتیں ہوچکی ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں ۔مینڈھر کی سرحدی تحصیل منکوٹ سے تعلق رکھنے والے لگ بھگ 500افراد نے اپنے گھرچھوڑ کر رشتہ داروں کے ہاں پناہ لی ہے ۔منکوٹ کے سرحدی علاقوں ٹائیں چڑانگڑی چھجلہ،بلنوئی،دبڑاج،گاہنی وغیرہ میں گھر وں کے گھر خالی ہوگئے ہیں ۔ 300سے زائد افراد نے چھجلہ شریف زیارت میں پناہ لی ہے۔ مقامی لوگوں کاکہناہے کہ گولہ باری سے کئی گھر تباہ ہوگئے ہیں اور دیگر املاک کو بھی نقصان پہنچاہے۔ گزشتہ روز پونچھ کے سلوتری گائوں سے لگ بھگ 50افراد نے نقل مکانی کرکے محفوظ مقامات پر پناہ لی تھی ۔ یہ لوگ اسی گائوں سے نقل مکانی پر مجبور ہوئے ہیں جہاں ماں اور اس کے کمسن بچے گولہ باری کی زد میں آکر لقمہ اجل بن گئے جبکہ ان بچوں کا والد شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں میں زیر علاج ہے۔