جموں //الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم آج سے ریاست جموں وکشمیر کا2روزہ دورہ کررہی ہے ۔ایک افسر نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کی ٹیم آج یعنی 4مارچ کو ریاست وارد ہوگی اور اس دوران یہ ٹیم سیاسی جماعتوں، سیکورٹی حکام اور انتظامیہ سے ملاقات کرکے لوک سبھا کی تیاریوں کا جائزہ لے گی ۔مذکورہ افسر نے بتایاکہ پہلے روز ٹیم 11بج کر 45منٹ پر سرینگر پہنچے گی جہاں 10سیاسی جماعتوں بشمول 7قومی اور 3علاقائی جماعتوں کے نمائندگان کے ساتھ اس کی میٹنگ ہوگی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ الیکشن کمیشن کی ٹیم لیہہ اور کرگل سمیت کشمیر صوبے کے تمام ضلع الیکشن افسروں اور سینئر سپرانٹنڈنٹس آف پولیس سے بھی ملاقات کرے گی ،اس کے علاوہ ڈیویژنل کمشنرکشمیر، ڈیویژنل کمشنر لداخ و انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر سے بھی ٹیم کی ملاقات متوقع ہے ۔ذرائع کے مطابق کشمیر دورے کے بعد الیکشن کمیشن کی ٹیم اسی شام جموں پہنچ کر چیف الیکٹورل افسر شلندر کمار سے ملاقات کرے گی ۔اسی طرح سے دوسرے رو زالیکشن کمیشن کی ٹیم جموں کی سیاسی جماعتوں ، تمام دس اضلاع کے ضلع الیکشن افسران، ایس ایس پیز اور دیگر حکام سے ملاقات کرکے تیاریوں کاجائزہ لے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ الیکشن کمیشن کی ٹیم ریاستی چیف سیکریٹری اورریاستی پولیس کے سربراہ سے بھی ملاقات کرکے الیکشن کے امور پر تبادلہ خیال کرے گی ۔ذرائع نے بتایاکہ واپس دہلی روانگی سے قبل یہ ٹیم جموں میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کرے گی۔