پردیش کانگریس دفتر پر 136ویں یوم تاسیس کی تقریب
عوام کی خدمت کرنے کا عزم دہرایا گیا
سرینگر//پردیش کانگریس کمیٹی نے یہاں پارٹی کا136واں یوم تاسیس منایااور لوگوں کی خدمت کرنے کا عزم دہرایا۔پارٹی کے سرینگردفتر پر سینئر کانگریس رہنمائوں اور ورکروں نے اس دن کی افادیت اُجاگر کی اور کہا کہ پارٹی کو ملک کی خدمت انجام دیتے ہوئے 136سال ہوگئے ہیں اور ایسا کرنا جاری رکھے گی کیوں کہ کانگریس ملک کے لوگوں کو متحد رکھنے کی واحدجماعت ہے۔رہنمائوں نے کہا کہ کانگریس کے بانیوں نے آزادی کی جدوجہدمیں نمایاں رول اداکیااوران کی بے مثال قربانیوں سے ہی ملک کو آزادی نصیب ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ قوم آر ایس ایس اوربھاجپا کے مکروہ پروپیگنڈے کے باوجود کانگریس کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرسکتی ۔
وادی میں ہوا کے معیارکی حیثیت اور مضمرات
کشمیر یونیورسٹی میں ویب نار کا اہتمام
سرینگر //پیپلزماحولیاتی کونسل (پی ای سی) سرینگر میں مقیم موضوعات کے ماہرین اور متعلقہ شہریوں کے ایک گروپ نے کشمیر یونیورسٹی کے تعاون سے ’کشمیر میں ہوا کے معیارکی حیثیت ‘ اور مضمرات" کے موضوع پر ایک ویب نار کا اہتمام کیا۔ کشمیر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طلعت احمد مہمان خصوصی تھے۔ پروفیسر طلعت احمد نے اپنے افتتاحی کلمات میں وادی کشمیر کے بگڑتے ہوئے ہوا کے معیار پر غور وخوض کرنے پر زوردیا ۔ پروفیسر طلعت احمد نے اس مسئلے کو سائنسی طور پر حل کرنے کے لئے متعلقہ شعبوں میں ماہرین کو شامل کرنے کے لئے ایک مربوط نقطہ نظر کی ضرورت پر زور دیا۔ وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں فضائی آلودگی کے اس اہم موضوع پر ویب نار کے انعقاد کیلئے پی ای سی کی کوششوں کی سراہنا کی اور اسی طرح کی سرگرمیوں کیلئے پی ای سی کو مسلسل تعاون کی پیشکش کی۔ ویب نار کی صدارت چیئرمین پی ای سی G H Kangoنے انجام دی اور پی ای سی کی پروفیسر اے آر یوسف نے آرگنائزنگ کمیٹی کے زیر صدارت کی ۔ ویبنار کی میزبانی ڈاکٹر ارشاد جہانگیر سینئر اسسٹنٹ پروفیسر یونیورسٹی آف کشمیر نے کی۔ترجمان پی ای سی تنویر جہاں نے پروگرام کے اختتام پر شکریہ ادا کیا۔ویبنار میں پانچ تکنیکی پریزنٹیشن پیش کی گئیں جس میں کشمیر یونیورسٹی میں شعوبہ ارضیات کے سربراہ پروفیسر شکیل رومشو ، ’’ڈاکٹر پرویز کول، رفیع احمد بٹ ، طاووس حسن بٹ نے حصہ لیا ۔ ویب نار ایک گھنٹہ کیلئے طے تھا لیکن سوال و جواب کے سیشن کے دوران صحت مند مباحثے نے اسے دو گھنٹے سے آگے بڑھایا۔
نیشنل کانفرنس کاشاہ اور زرو خانوادوںسے اظہارِ تعزیت
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے شہر خاص کے سرکردہ تاجر محمد شفیع شاہ ساکن راجباغ کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ٹیلی فون پر مرحوم کے فرزندان منظور احمد اور امتیاز احمد شاہ کیساتھ تعزیت کی اور ڈھارس بندھائی۔ پارٹی صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور صدرِ صوبہ وومنز ونگ انجینئر صبیہ قادری نے بھی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے حق میں دعائے مغفرت اور کلمات ادا کئے۔ اس دوران پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی کے سینئر رکن اور صدرِ حلقہ زینہ کدل اور ممتاز تاجر عبدالرشید زرو ساکن زینہ کدل کی نیک سیرت اہلیہ محترمہ کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور مرحومہ کے جملہ سوگوران خصوصاً مرحومہ کے خاوند عبدالرشید زرو اور مرحومہ کے لائق فائق فرزندان مدثر حسین زرو اور مبشر حسین زرو کیساتھ ٹیلی فون پر تعزیت کی۔ناصر اسلم وانی، نائب صدر صوبہ محمد سعید آخون اور ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ ادھر یوتھ نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر سلمان علی ساگر مرحومہ کے گھر گئے اور پسماندگان کی ڈھارس بندھائی۔صدرِ بلاک خانیار بشیر احمد وانی نے بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ علی محمد ساگر نے خانقاہِ معلی کے منصب دار سید مشتاق احمد ہمدانی کی والدہ نسبتی کے انتقال پر بھی تعزیت کا اظہار کیا ہے اور ٹیلی فون پر بھی ڈھارس بندھائی۔