بمنہ میں دن دھاڑے آٹو رکھشا کی چوری
بازیابی کیلئے غریب شہری کی پولیس سے فریاد
سرینگر // گزشتہ روز دن کے اڑھائی بجے صدرکورٹ بمنہ سرینگر کے احاطے میں ایک آٹو رکھشا کی چوری کا واقع پیش آیا ہے ۔غریب آٹو ڈرائیورکا کہنا ہے کہ اس کی کمائی کا واحد ذریعہ یہ آٹو تھا لیکن وہ بھی اب ہاتھ سے چلا گیا ہے ۔آٹو رکھشا کے مالک مدثر احمد بڈو ساکن کائو ڈارہ سرینگرنے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس کا آٹو زیرنمبر JK01E/2863اس وقت غائب ہو گیا ،جب وہ صدر کورٹ میں ایک سواری کو اُتارنے کے بعد شدید سردی کی وجہ سے ہاتھوں کو گرم کرنے کیلئے ایک دکان کے پاس پہنچا تھا اور جب وہاں سے واپس آیا تو وہاں اس کا آٹو نہیں تھا ۔اس کا کہنا تھا کہ اس نے آس پاس آٹو کی تلاش کی لیکن اس کے باوجود بھی اس کا کوئی سراغ نہیں ملا ۔اس کا کہنا تھا کہ آٹو کو نہ پا کر اس پر غشی طاری ہونے لگی لیکن وہاں موجود لوگوں نے اُسے سنبھالا اور حوصلہ بڑھا کر اس کو گھر پہنچایا تاہم ابھی تک وہ صدمے میں ہے ۔اس کا کہنا تھا کہ اس نے آٹو کی چوری کی معاملہ پولیس سٹیشن بمنہ سرینگر میں بھی درج کرایا ہے۔ اس نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ اس کے آٹو کو بازیاب کرنے میں اس کی مدد کی جائے کیونکہ اس آٹو کی کمائی سے وہ اپنی بیوہ والدہ اور بھائی کا پیٹ پالتا تھا او ر یہ آٹو ہی ان کی کمائی کا واحد ذریعہ تھا ۔
نوگام اورسعدہ کدل میں بچوں کیلئے محفوظ پناہگاہوں کا افتتاح
سرینگر // انٹیگریٹڈ چائلڈ پروٹیکشن سروسز (آئی سی پی ایس) نے ضلع سرینگر کے نوگام اور سید کدل علاقوں میں لڑکوں اور لڑکیوں کیلئے محفوظ پناگاہیں( Shelter Homes) شروع کئے، جن کا افتتاح مشن ڈائریکٹر ( آئی سی پی ایس) شبنم شاہ کاملی نے کیا۔تقریب میں پرنسپل مجسٹریٹ سرینگر تبسم پرے ، چیف ایجوکیشن افسر سرینگر اور ضلع چیلڈ پروٹیکشن افسر سرینگر اشرف اخون کے علاوہ دیگر عہدیدار اور سول سوسائٹی کے نمائندے موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشن ڈائریکٹر ( آئی سی پی ایس )نے چائلڈ پروٹیکشن سروسز میں حکومت کے کردار کو اجاگر کیا۔پرنسپل مجسٹریٹ ، تبسم پرے نے کہا کہ ان گھروں کا قیام ان یتیموں اور پریشان بچوں کی ضروریات کو پورا کرے گا جن کی دیکھ بھال اور حفاظت کی ضرورت ہے۔
ایام فاطمہؓ کی مناسبت سے
امام باڑہ حسن آباد میں مجلس عزاء منعقد
سرینگر // انجمن شرعی شیعیان کے زیر اہتمام ایام فاطمہؓکی مناسبت سے قدیمی امام باڑہ حسن آباد میں ایک عظیم شان مجلس عزاء منعقد ہوئی جس میں ہزاروں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے انجمن شرعی شیعیان کے آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے شہزادی کونین حضرت فاطمہؓکے حیات اور مقام و منزلت کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی آغانے کہا کہ خاتون جنت حضرت سیدہ عالم ؓ ان منتخب برگزیدہ خواتین میں سب سے اعلیٰ اور اولیٰ درجے پر فائز ہیں جنہیں خداوند عالم نے دنیاے نسوانیت کے لئے نمونہ عمل اور ذریعہ ہدایت قرار دیا۔
مولانا ہمدانی کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// جمعیت ہمدانیہ کے سربراہ مولانا ریاض احمد ہمدانی نے سید غلام مصطفی گیلانی کی نیک سیرت اہلیہ کے انتقال پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سا نحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ یاد رہے الحاج سید غلام مصطفی گیلانی مرحوم سید الحاج غلام حسن گیلانی ساکن شمسواری(سابق جنرل سکریٹری جمعیت ہمدانیہ)کے فرزند ارجمند ہیں۔ دریں اثناء جمعیت کے ایک تعزیتی اجلاس میں مرحومہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔اجلاس کی صدارت حاجی عبدالرشید گانی نے انجام دی جبکہ جمعیت کے پیرزادہ حاجی محمد اشرف عنایتی، پیرزادہ محمد یاسین ظہرہ، فاروق احمد گانی، مظفر احمد گانی ، امام بقعہ خانقاہِ معلی غلام محمد ہمدانی، نشاندہ پیر منظور احمد، الحاج غلام نبی نوشہری، منظور الحسین قریشی ،مسعود الحسن ہمدانی اور جی ایم میر ساقی بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
زرو خاندان کو صدمہ ، مولوی لطیف احمد کا اظہارِ تعزیت
سرینگر// قاضی یار کے معروف تاجر اور سماجی شخصیت خواجہ عبدالرشید زرو کی اہلیہ کے انتقال پرامام و خطیب مسجد شریف قاضی یار قاری حافظ مولوی لطیف احمد نے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سا نحہ ارتحال پر مرحومہ کے جملہ سوگوران کیساتھ تعزیت کی اور مرحومہ کی جنت نشینی اور بلند درجات کیلئے دعا کی۔ انہوں نے انتظامیہ کمیٹی قاضی مسجد خصوصاً الحاج محمد امین وانی صدرِ انتظامیہ کی طرف سے بھی تعزیت کا اظہار کیا۔
کلچرل اکیڈمی میں تعزیتی نشست کا انعقاد آج
سرینگر //کلچرل اکیڈمی سرینگر کے سمینار ہال میں آج مایہ ناز تنقید نگار، فکشن نگار ، شاعر اور ادیب شمس الرحمان فاروقی اور کہنہ مشق شاعر عرش صہبائی کی وفات پر ایک تعزیتی نشست کا انعقاد دوپہر کو 2بجے کیا جا رہا ہے۔ اکیڈمی نے اپنے ایک بیان میں تمام محبانِ اردو اور ادب نواز خواتین و حضرات کو اس تعزیتی نشست میں شرکت کی دعوت دی ہے۔