سرینگر//خوشحال سراور گل سر کی عظمت رفتہ کوبحال کرنے پر وزردیتے ہوئے صوبائی کمشنر پانڈورانگ پولے ،نے کہاکہ آبی ذخائر کوڑا کرکٹ کاٹھکانے لگانے کے مقامات نہیں،بلکہ انہیں وادی کشمیرکے عضوئے تنفس یعنی پھیپھڑوں کے طور موجود رکھنا ہے،تاکہ بارشوں کے اَیام میں وہ ہماراتحفظ کرسکیں ۔متعلقہ حکام کی ایک میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے دونوں جھیلوں کو فوری صفائی ستھرائی ،ڈرجنگ،اوربحالی پرزوردیا۔صوبائی کمشنر نے دونوں آب گاہوں کی صفائی میں مقامی لوگوں کو سرگرمی سے شامل کرنے کی تلقین کی ۔انہوں نے کہا کہ ان آب گاہوں کے اردگرد صفائی ستھرائی کی ایک بڑی مہم شروع کی جائے گی تاکہ ان کی شان رفتہ کوبحال کیا جاسکے ۔انہوں نے متعلقہ محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ دونوں آب گاہوں کی نشاندہی کرکے ان کی تاربندہی کرے اوران کے اطراف پیدل چلنے والوں کیلئے راستہ بنائے اور دونوں کی مکمل صفائی عمل میں لائے۔سرینگرمیونسپل کاپوریشن حکام کوہدایت دی گئی کہ وہ مقامی لوگوں کی طرف سے ان آب گاہوں میں کوڑاکرکٹ ڈالنے پر روک لگانے کیلئے کوڑے دان نصب کریں اور لوگوں کو ان جھیلوں میں گندگی ڈالنے کے مضر اثرات سے باخبر کریں۔میٹنگ کے دوران بتایا گیا کہ دونوں جھیلوں کی حدبندی کی جائے گی اور ان کے اطراف پچاس میٹر کے اندر کوئی محکمہ جاتی تعمیراتی کام صوبائی سطح کی اجازت کے بغیر عمل میں نہیں لایا جائے گا ۔صوبائی کمشنر نے ناجائزتجاوزات کے خلاف مہم شروع کرنے کو یقینی بنانے کی ہدایت دی تاکہ ناجائزطور قبضے میں لی گئی اراضی کو واپس حاصل کیا جائے اورباربار خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوجداری کیس دائر کئے جائیں۔