مینڈھر //مینڈھر کے ٹھیرہ ٹوپہ علاقہ کے کچھ مکینوں نے مینڈھر قصبہ میں احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ رمضان ماہ میں ان کی پانی کی سپلائی بند کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے ان کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانا پڑتا ہے ۔مذکورہ علاقہ کی خواتین اور مردوں نے اس سلسلہ میں مینڈھر پولیس سٹیشن میں بھی ایک شکایت درج کروائی ہے جس میں انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دس برس قبل بچھائی گئی پاپئیں اکھاڑ کر ان کی پانی سپلائی بند کر دی گئی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ محکمہ سے بھی رجوع کر چکے ہیں لیکن محکمہ نے اکھاڑی گئی پاپئوں کے سلسلہ میں کوئی کارروائی ہی نہیں کی جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے ۔مظاہرین نے کہاکہ محکمہ کے ملازمین ڈیوٹی کے سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہیں اور رمضان میں عوام کو پینے کے صاف پانی کی سخت قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ایس ایچ او مینڈھر نے مظاہرین کو یقین دلاتے ہوئے کہاکہ معاملہ کا جائزہ لینے کیلئے وہ موقعہ کا دورہ کریں گے ۔