ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں بھی پچھلے دنوں سے روزانہ کوؤڈ 19 کے مثبت کیس سامنے آئے ہیں جس کے نتیجے میں عوامی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔اس دوران پرنسپل گورنمنٹ میڈیکل کالج ڈوڈہ ڈاکٹر دنیش کمار نے موجودہ صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے لوگوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر زور دیا ہے۔اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی دوسری لہر نے شدت اختیار کی ہے اور پچھلے دو ہفتوں سے کیسوں میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ تشویشناک ہے۔انہوں نے کہا کہ ان مریضوں کو ہسپتالوں میں بھرتی کیا جارہا ہے جہاں پر ہر ممکن طبی امداد فراہم کی جارہی ہے تاہم انہوں نے کہا کہ اس سے ڈرنے کی نہیں بلکہ لڑنے کی ضرورت ہے اور وہ صرف بتائی گئی احتیاطی تدابیر سے ممکن ہے۔پرنسپل نے ماسک پہننے کو لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خود اور دوسرے لوگ بھی محفوظ رہ سکتے ہیں۔انہوں نے مسجدوں، مندروں و دیگر مذہبی مقامات کے ساتھ ساتھ اپنے گھروں میں بھی ماسک کا استعمال کرنے و آس پاس کے لوگوں کو بھی ماسک پہننے کے لئے تیار کرنے کی اپیل کی۔پرنسپل نے سیول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ رضاکارانہ طور پر عوام کے درمیان جائیں اور انہیں ماسک پہننے و سماجی دوری کا خاص خیال رکھنے کا پابند بنائیں تاکہ اس مہلک وباء سے ضلع کو محفوظ بنایا جا سکے۔