پونچھ میں کووڈ کے 32 نئے کیس،ایک موت
حسین محتشم
پونچھ // ضلع پونچھ میں بدھوارکووڈ 19 کے32 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں جبکہ اس دوران ایک شخص کی کوڈ19کی وجہ سے موت بھی واقع ہوئی ہے۔اطلاعات کے مطابق ضلع پونچھ میں32 نئے مثبت معاملات میں28مقامی افراد ہیں جب کہ 4 غیر مقامی ہیں۔مقامی افراد میں 2کا تعلق تحصیل حویلی سے ،11کا تحصیل منڈی سے اور17 تحصیل مینڈھر کے رہنے والے ہیں۔ اسطرح سے ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 302 پہنچ گئی ہے ۔نوڈل افسر کوڈ 19زمود احمد نے ٹوٹر پر جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ بدھوار کو 2789فراد کو ویکسی انیشن کے ٹیکے لگائے گئے ۔انہوں نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کے ساتھ ساتھ ویکسی نیشن کے ٹیکے لگانے کی اپیل کی۔
پونچھ میں فلم بند صوفی کلام ’کملی والے‘ ریلیز
عشرت حسین بٹ
پونچھ//ضلع پونچھ میں اپنی نوعیت کا پہلا صوفی کلام ویڈیو اتوار کو شیراز پروڈیکشن چینل سے ریلیز ہوا تھا جس کا بنیادی مقصد پونچھ کی خوبصورتی سے لوگوں کو متعارف کروانا اور سیاحت کو تقویت بخشنا تھا ۔ پونچھ سے ہی تعلق رکھنے والے احسان اصغر کی جانب سے پڑھا گیا یہ صوفی کلام چند ہی دنوں میں ہزاروں لوگوں نے دیکھا اور سنا جس کے بعد ہر سو ضلع میں اپنی نوعیت کے اس پہلے کام کی سراہنا کی گئی ۔ ناظرین و سامعین کے مطابق پونچھ میں احسان اصغر جیسی آواز اور شیراز سٹوڈیو کا بہترین کام کہیں نہ کہیں ممبئی جیسے بڑے شہروں میں بنائی جانے والی ویڈیوز کو کجا پیچھے چھوڑ رہا ہے ۔صوفی کلام کو آواز دینے والے احسان اصغر نے ذرائع ابلاغ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ممبئی جیسے بڑے شہر سے پہلے اپنے ضلع میں کام کرنے کو ترجیح دی ہے اور کوشش کی جا رہی ہے کہ اپنے ہنر کو سامنے رکھنے کے ساتھ ساتھ یہاں کی خوبصورتی اور سیاحت کو تقویت و متعارف کروایا جائے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پونچھ میں ایسا کام بہت عرصہ پہلے ہونا چاہیے تھا لیکن اب جب دیری سے یہ کام شروع ہوا ہے تو ان کی کوشش رہے گی کہ ایسا کام جاری و ساری رہے تاکہ آنے والے وقت میں پونچھ کا نام مزید روشن ہو سکے – انہوں نے تمام لوگوں کا اس صوفی کلام کو سن کر محبت سے نوازنے کا شکریہ بھی ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بھی ان کے کام کو ایسے ہی سراہا جائے گا۔
حیات پورہ میں پانی کی شدید قلت
پرویز خان
منجا کوٹ //منجا کوٹ تحصیل کے حیات پورہ گائوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کی وجہ سے مقامی لوگوں کو رمضان کے دوران شدید مشکلا ت درپیش ہیں ۔پنچایت کی وارڈ نمبر 7کے مکینوں نے ان کے علاقہ میں متعلقہ محکمہ کی جانب سے ابھی تک کوئی بھی پائپ نہیں بچھائی جاسکی جس کی وجہ سے ان کو کئی کلو میٹر کی مسافت طے کر کے پینے کا صاف پانی لانا پڑرہا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ متعلقہ محکمہ کی جانب سے ایک ہینڈ پمپ لگایا گیا تھا لیکن وہ بھی اب خراب ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات میں مزید اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ پانی کی فراہمی کے سلسلہ میں کئی مرتبہ متعلقہ محکمہ سے رجوع کر چکے ہیں لیکن صرف جھوٹی یقین دہانیاں کروائی جارہی ہیں جبکہ عملی طورپر کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ آب رسانی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ حیات پورہ کے وارڈ نمبر سات میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے ۔
احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل
کوٹرنکہ //پیپلز ڈیمو کریٹک پارٹی کے کارکن اور سرپنچ محمد فاروق انقلابی نے عام لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ اس مشکل وقت میں کووڈ ایس او پیز پر سختی کیساتھ عمل کریں تاکہ وائرس سے بچاجاسکے ۔انہوں نے کہاکہ وائرس کے مزید پھیلائو کی وجہ سے صورتحال انتہائی خراب ہونا شروع ہو گئی ہے تاہم اس وقت وائرس سے بچائو کیلئے بہترین علاج احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ہے ۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ سماجی دوری اختیار کریں جبکہ غیر ضروری طورپر پُر ہجوم جگہوں کارخ نہ کریں تاکہ وائرس کے پھیلائو کو کم کیاجاسکے ۔
مغل شاہراہ کی بحالی کی مانگ
عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی // چیئرمین میونسپل کمیٹی تھنہ منڈی شکیل احمد میر نے گورنر انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ مغل شاہراہ کو مسافروں کی آوا جاہی کے لئے فوری طور پر بحال کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ راجوری پونچھ کا ہیلتھ سسٹم قریب ہونے کی وجہ سے زیادہ تر کشمیر سے جڑا ہوا ہے کیونکہ بہت سے مریضوں کو صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ میں خصوصی علاج و معالجہ کیلئے جانا ہوتا ہے،جبکہ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے مریضوں کو کئی طرح کے مسائل کا سامنا ہے ۔موصوف نے کہاکہ گوجر، بکروال اور پہاڑی برادری جو اپنے مال مویشیوں کے ساتھ موسم گرما کے ایام گزارنے کیلئے ڈھوکوں میں جاتے ہیں ، کی سہولت کیلئے بھی مغل روڈ کو جلد از جلد کھولا جائے۔انھوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ ، ایس ایس پی پونچھ اور ایس ایس پی ٹریفک سے بھی اپیل کی ہے کہ مغل شاہراہ کو مسافروں کی آوا جاہی کے لئے کھولنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں تاکہ لوگوں کی پریشانیوں کا ازالہ ہو سکے۔ شکیل میر نے کہا کہ انتظامیہ نے اعلان کیا تھا کہ 15 اپریل کو شاہراہ کو آمد و رفت کیلئے بحال کر دیا جائے گا لیکن مزید 15 دن گزر جانے کے بعد بھی اس سلسلے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے۔ انھوں نے یہ مطالبہ بھی کیا کہ مغل شاہراہ کو سارے موسموں میں قابل سفر بنایا جائے اور خطہ پیر پنجال کے لوگوں کو سہولت دی جائے۔ چیئرمین موصوف نے کہا کہ کرونا خدشات کے پیش نظر دہرہ کی گلی کے مقام پر کرونا چیک پوسٹ بھی لگائی گئی ہے جہاں پر لوگوں کے کرونا ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں لہذا ایسی صورت میں شاہراہ کو بلاوجہ بند کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ میر نے کہا کہ دوسری جانب نیشنل ہائی وے بارہ مہینے کھلی رہتی ہے لیکن مغل روڈ کو نامعلوم وجوہات کی بنا پر بند کر کے لوگوں کو بلاوجہ پریشان کیا جا رہا ہے جو انتہائی قابل افسوس بات ہے۔
ایگز یکٹو انجینئر محکمہ صحت عامہ کی اہلیہ کے انتقال پر تعزتی اجلاس
حسین محتشم
پونچھ//ایگزیکٹو انجینئر محکمہ صحت عامہ پونچھ راجندر کمار شرما کی اہلیہ مختصر علالت کے بعد بدھوار کو جموں میں دنیا ئے فانی سے کوچ کر گئی۔ان کے انتقال پر محکمہ صحت عامہ پونچھ کے ملازمین اور افسروں کی جانب سے مین پمپنگ اسٹیشن ڈنگس پر ایک تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا جہاں مقررین نے ان کے انتقال پر رنج وغم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ مرنے والے خاتوں کے تمام لواحقین خصوصی طور پران کے شوہر راجندر کمار شرماکو اظہار تعزیت پیش کرتے ہیں اور ان کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں ۔اس دوران دو منٹ کی خاموشی اختیار کر کے خراج تحسین پیش کیا گیا۔اس موقعہ پر ایس سی بی کے گپتا، اے ای ای امرپریت سنگھ، انجینئرمحمد سلیم بانڈے اور دیگر ملازم موجود رہے۔ جنہوں نے اْن کی بے وقت اور افسوسناک رحلت پر دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ان کے خیا لات و احساسات ان کے اہل خانہ اور ان کے دیگر لواحقین کے ساتھ ہیں۔