ڈی ڈی سی چیئر پرسن کشتواڑ اتل ڈلو سے ملاقی
ضلع میں طبی شعبہ سے جڑے مسائل اٹھائے،حل کی یقین دہانی
عاصف بٹ
ضلع ترقیاتی کونسل چیئرپرسن کشتواڑ پوجا ٹھاکر نے جموں میں فنانشل کمشنرہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن اٹل ڈلو سے ملاقات کی اور ان سے کشتواڑ کے دور دراز کے علاقوں میں صحت کے ڈھانچے سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ پوجا ٹھاکر نے انہیں ضلع اسپتال کشتواڑ ، پی ایچ سی ، اور ضلع کے سب سینٹرز میں عملے کی کمی کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کشتواڑ ہسپتال میں وینٹی لیٹر مشین چلانے کے لئے عملے کی عدم دستیابی کا معاملہ اٹھایا جو اب تک بھری حالت میں اسپتال میں دستیاب ہے لیکن اسپتال میں کوئی تربیت یافتہ عملہ دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے ضلع کشتواڑ کے دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی تعیناتی کے معاملے پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ ضلع کشتواڑ کے مختلف دورافتادہ علاقوں میں لوگوں کو اس وبائی بیماری کے دوران پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایمبولینسوں کی کمی اور ان کی دیکھ بھال نہ کرنے کی وجہ سے درپیش مسائل اٹھائے۔ کمشنر ہیلتھ نے تمام مطالبات کو غور سے سنا اور چیرپرسن کو تمام امور کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی۔ چیئر پرسن پوجا ٹھاکر نے ڈائریکٹر رورل ڈیولپمنٹ اور پنچایتی راج کشور سنگھ چب سے بھی ملاقات کی اور آر ڈی ڈی ڈیپارٹمنٹ جیسے 14 ایف سی ، وی سی اے ٹی اور دیگر امور سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈائریکٹر آر ڈی ڈی نے یقین دہانی کرائی کہ 14 ایف سی کی ادائیگی ایک ہفتے کے وقت میں جاری کردی جائے گی اور اس کے مطابق دیگر اہم امور بھی حل ہوجائیں گے۔
نہال کا تبیلہ چمل واس بھی
مائیکرئو کنٹینمنٹ زون قرار
بانہال// ضلع ترقیاتی کمشنر مسرت الاسلام کی جانب سے جاری ایک حکمنامے میںکیا گیاکہ 2کورونا متاثرہ علاقوں کو ڈیزاسٹر منیجمنٹ ایکٹ کے تحت مائیکرئو کنٹونمینٹ زون قرار دیا گیا ہے۔ان علاقوں میں سب ڈویژن بانہال کا تبیلہ چمل واس اور سب ڈویڑن گول کے سلبلہ علاقہ شامل ہے۔حکمنامے میں کہاگیاکہ دوعلاقوں کو مائیکرئو کنٹینمنٹ زون قرار دینے کا مقصدشہریوں کے تحفظ کو ممکن بنانا اور مہلک وبا کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔انہوں نے بتایاکہ دونوں علاقوں میں ضروری اقدامات کرنے اور سرکاری احکامات کی پاسداری کو ممکن بنانے کیلئے متعلقہ سرکاری افسران کو ذمہ داری دی گئی ہے۔
کشتواڑ میں دو مقامات مائیکرو کنٹینمٹ زون قرار
عاصف بٹ
کشتواڑ//ضلع کشتواڑ میں کرونا وائرس کے بڑھتے ہوے معاملات کو دیکھتے ہوے انتظامیہ نے دو مقامات کو مائیکرو کنٹینمٹ زون قرار دیا ہے۔ کل ضلع ترقیاتی کمشنر کی جانب سے جاری کے گے حکمنامے میں اخیار آباد وارڈ نمبر 13 محمد اسلم گلکار کے مکان سے محمد اسلم ٹپل کے مکان تک 145 مکانات کو ریڈزون قراد دیا ہے جبکہ پاڈر کے پنچایت اٹھولی وارڈ ائی کے ماجد محلہ کو جہاں 130مکانات ہیں،کو ریڈزون قرار دے دیا ہے اور وہاں رہ رہے لوگوں کو سو فیصد ٹیسٹنگ کیلئے کہا گیاہے
ڈوڈہ میں کوؤڈ 19 کے 27 نئے مثبت کیس ،3 مریض صحتیاب
انتظامیہ نے مذہبی و سماجی تقریبات میں سختی سے ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ ضلع میں آج کوؤڈ 19 کے 27 نئے مثبت کیس سامنے آئے ہیں جبکہ تین مریض صحتیاب ہوئے ہیں۔ بڑھتے معاملات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے مذہبی و سماجی تقریبات میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔بدھ کے روز آفات سماوی ایکٹ کے دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت جاری حکمنامہ میں شادی کی تقریب میں پچاس افراد کو ہی شامل ہونے کی اجازت گی اور اس کے ساتھ ہی ماسک پہننے و سماجی دوری بنائے رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔ڈی سی نے ایس ایس پی کو زمینی سطح پر اس حکمنامہ کو لاگو کرنے کی سفارش کی ہے. واضح رہے کہ ضلع میں فعال کیسوں کی تعداد 205 پہنچ گئی ہے۔
ڈوڈہ بھدرواہ شاہراہ حادثہ میں ایک شخص جاں بحق
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈوڈہ بھدرواہ شاہراہ پر پیش آئے سڑک حادثہ میں ایک نوجوان لقمہ اجل بن گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈوڈہ بدھ کے روز دن کے 3:45 کے قریب بھدرواہ سے ڈوڈہ آرہا ڈمپر زیر نمبری JK06B-0324 سنائی بھالہ کے نزدیک حادثہ کا شکار ہو کر پچاس فٹ نیچے گہری کھائی میں جا گرا جس کے نتیجے میں ڈرائیور اسلام دین(37) ولد شہباز خان ساکنہ دشننان ڈوڈہ موقع پر ہی جاں بحق ہوا۔ اس حادثہ کے فوراً بعد مقامی لوگ و پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچی اور مہلک شخص کو کھائی سے نکال کر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر طبی لوازمات مکمل کرکے آخری رسومات ادا کرنے کے لئے وارثین کے سپرد کیا گیا۔واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران ڈوڈہ ضلع میں پیش آئے الگ الگ سڑک حادثات میں 11 افراد ہلاک و 9 زخمی ہوئے ہیں۔
رام بن میں اساتذہ حاضری سے مستثنیٰ
رام بن // ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ رام بن مسرت الاسلام، جو ضلعی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرپرسن بھی ہیں ، نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کے سیکشن 34 کے تحت اپنے اختیارات کے استعمال میں ، اسکولوں ، کالجوں ، تکنیکی تعلیم اور مہارت کو آج حکم دیاکہ اداروں کو عملے کے کسی ممبر کی ذاتی طور پر شرکت کی ضرورت نہیں ہے۔حکم کے مطابق ، تدریسی عملہ صرف گھروں سے ہی آن لائن کلاسز کا انعقاد کرے گا۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ اس حکم کی کسی بھی خلاف ورزی پر قواعد و ضوابط / قوانین اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایکٹ 2005 کی دیگر متعلقہ دفعات کے تحت تعزیراتی کارروائی کی دعوت دی جائے گی۔
سال بھر مغل شاہراہ پر آمدورفت یقینی بنائیں:چوہدری ذوالفقار علی
کہاکشمیر سے متبادل رابطہ کے بند ہونے سے مریض اور طلبا سخت پریشان
جموں//اپنی پارٹی نائب صدر چوہدری ذوالفقار علی نے حکومت سے گذارش کی ہے کہ کشمیر کے متبادل رابطہ مغل شاہراہ کو سال بھر گاڑیوں کے لئے کھلا رکھاجائے۔ایک بیان میں چوہدری ذوالفقار علی نے کہاکہ راجوری پونچھ کی عوام بالخصوص مریضوں اور طلبا کو اِس اہم شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے، یہ شاہراہ سرحدی اضلاع پونچھ اور راجوری کو براہ راست وادی کشمیر سے جوڑتی ہے اور بہت کم مسافت ہے۔ انہوں نے کہاکہ طلبا کو پونچھ سے 200کلومیٹر کا سفر کر کے جموں آنا پڑتاہے اوری ہاں سے پھر 300سے زائد کلومیٹر سفر کر کے کشمیر جانا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کو چاہئے کہ متعلقہ ایجنسیوں سے کہاجائے کہ وہ شاہراہ کو سال بھر آمدورفت کے قابل بنائے، متعلقہ حکام کی ناکامی کے سبب صحت اور تعلیم کے لحاظ سے لوگوں کوبھاری قیمت چکانا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاجروں کو شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے متاثر ہونا پڑ رہا ہے۔ چوہدری ذوالفقار علی نے مزید کہا’’یہ شاہراہ کئی لوگوں کے لئے معاشی ترقی کا ذریعہ ہے اور کشمیر کے تاجر با آسانی کم وقت میں راجوری پونچھ میں اپنا سامان لاسکتے ہیں‘‘۔ انہوں نے کہاکہ راجوری پونچھ میں خصوصی طبی سہولیات کا فقدان ہے اور وہ براستہ مغل شاہراہ سرینگر جانے کو ترجیحی دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر سڑک بند رہی ،سینکڑوںمریض جوکہ سرینگر میں طبی معائنہ کرانے جاتے ہیں ، وہ وہاں نہیں جاپائیں گے، انسانی بنیادوں پر حکومت کو چاہئے کہ اس شاہراہ کو سال بھر آمدورفت کے لئے کھولاجائے تاکہ راجوری پونچھ کی عوام کوراحت ملے۔