۔ 24گھنٹوں کے دوران جموں میں 17فوت، 42000ٹیسٹ کئے گئے
سرینگر //جموں و کشمیر میں کورونا وائرس متاثرین میں ابتک کا سب سے بڑا اچھال دیکھنے کو ملا ہے۔ گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران 3ہزار 473 افراد کی رپورٹیں مثبت آئی ہیں جبکہ اس دوران 26افراد بھی وائرس کے سامنے زندگی کی جنگ ہار گئے۔ متوفین کی مجموعی تعداد2253تک پہنچ گئی ہے جبکہ متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 72ہزار551تک جا پہنچی ہے۔ جمعرات کو کورونا وائرس کی تشخیص کیلئے 42ہزار ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3473افراد کی رپورٹیں مثبت آئیں ۔ مثبت قرار دئے گئے 3473 افراد میں سے 1024جموں جبکہ 2450کشمیر صوبے سے تعلق رکھتے ہیں۔ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 2450متاثرین میں سے 60بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرنے کے بعد وادی پہنچے جبکہ دیگر 2390افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ تازہ 2450متاثرین میں سرینگر میں 1017، بارہمولہ میں 429، بڈگام میں 268، پلوامہ میں 137، کپوارہ میں 71، اننت ناگ میں 228، بانڈی پورہ میں 51، گاندربل میں 57، کولگام میں 181اور 11افراد شوپیان ضلع میں متاثر ہوئے ہیں۔ اس دوران کشمیر میں مزید 9افراد وائرس سے فوت ہوگئے۔ مرنے والوں میں 2رعناواری اسپتال،سکمز میں1،جی ایم سی بارہمولہ میں 1، جی ایم سی اننت ناگ میں 2، ضلع اسپتال پلوامہ میں 2 اور سی ڈی اسپتال ڈلگیٹ میں ایک شخص فوت ہوا ہے۔مرنے والوں میںکرنگسو اننت ناگ کی 75سالہ خاتون،چیولگام کولگام کی 65سالہ خاتون، ٹینگہ پورہ بائے پاس کا 65سالہ معمر شخص، پرچو پلوامہ کا 67سالہ شخص اور ترال پلوامہ کا 75سالہ معمر شخص ,بمنہ سرینگر کی 100سالہ خاتون، بر بر شاہ سرینگر کی 85سالہ معمر خاتون ،بگنڈ کولگام کا 70سالہ معمر شخص اور رنگوار بارہمولہ کا 70سالہ شخص وائرس سے فوت ہوا ہے ۔کشمیر وادی میں متوفین کی مجموعی تعداد 1381تک پہنچ گئی ہے۔جموں صوبے میں بھی کورونا وائرس سے 1024افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں 94بیرون ریاستوں اور ممالک سے سفر کرکے جموں پہنچے جبکہ 930افراد مقامی سطح پر رابطے میں آنے ی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے کے نئے 1024معاملات میں ضلع جموں میں 489، ادھمپور میں 128، راجوری میں 111، ڈوڈہ میں 48، کٹھوعہ میں 58، سانبہ میں 77، کشتواڑ میں 21، پونچھ میں 32، رام بن میں 17اور43افراد ریاسی میں متاثر ہوئے ہیں۔ جموں صوبے میں متاثرین کی مجموعی تعداد68ہزار352تک پہنچ گئی ہے۔ جمعرات کو جموں میں مزید 17افراد فوت ہوئے ہیں جن میں جی ایم سی جموں میں 7، ضلع اسپتال ادھمپور میں 1، فوجی اسپتال میں 1، جی ایم سی ڈوڈہ میں 1، کیمونٹی ہیلتھ سینٹر بسنت نگر میں 1،جی این اسپتال میں 1، جی ایم سی کٹھوعہ میں 2اورگھروں میں 3شہریوں کی موت ہوئی تھی جنہیں مردہ اسپتال پہنچایا گیا ۔ جموں صوبے میں متوفین کی مجموعی تعداد 872تک پہنچ گئی ہے۔
پوسٹ گریجویٹ کے آخری سمسٹر
آن لائن تدریسی عمل شروع کرنیکا فیصلہ
سرینگر/بلال فرقانی/یونیورسٹی آف کشمیر نے اپنے تمام پوسٹ گریجویٹ کے آخری سمسٹرس کے لئے آن لائن تدریس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جہاں طلباء کو زیر التواء امتحان کی حیثیت سے قطع نظر آئندہ سمسٹروں میں ترقی دیئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کورونا کی وجہ سے جاری صورتحال کے پیش نظر طلباء کے تعلیمی وقت کا نقصان نہ ہونے کو یقینی بنانے کے لئے یہ فیصلہ کیا گیا۔ یونیورسٹی نے یہ بھی کہا کہ کالج انڈرگریجویٹ 6 ویں سمسٹر کے طلبا جہیں ممکنہ طور پر 5 ویں سمسٹر سے ترقی دی جائے گی،کیلئے آن لائن درس و تدریس کا سلسلہ شروع کریں۔ یونیورسٹی کے رجسٹرار ڈاکٹر نثار احمد میرکی طرف سے جاری کردہ ایک تفصیلی آرڈر میں کہا کہOE / GE اور دیگر شعبہ جات کے چوتھے سمسٹر کورسز کے لئے آن لائن رجسٹریشن 5 مئی 2021 سے شروع ہوگی اور اس کے بارے میں نوٹیفکیشن چیف کارڈی نیٹر سی بی سی ایس کے دفتر سے جاری ہوگی۔آرڈر میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تدریس کا اطلاق اگلے احکامات تک آن لائن موڈ کے ذریعے جاری رہے گا ، یہاں تک کہ تمام سیمینار،ورکشاپس بھی خصوصی طور پر آن لائن پلیٹ فارمز پر منعقد ہوں گی۔یونیورسٹی نے پہلے ہی اپنے تمام ہاسٹلوں کو اسی مدت کے لئے بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے اپنے تمام آف لائن امتحانات کو 15 مئی 2021 تک کے لئے ملتوی کردیا ہے۔