سری نگر// ضلع اسپتال بڈگام میں اکسیجن پلانٹ نصب نہ کرنے پرانجمن شرعی شعیان کے صدرآغاحسن نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ بڈگام ضلع کے ساتھ سوتیلاسلوک کیا جارہا ہے تاہم انتظامیہ نے بتایا ضلع ہسپتال میں جگہ کی کمی کے باعث یہاں پلانٹ نہیں بن سکتا ہے۔کے این ایس کے مطابق انجمن شرعی شیعان کے صدر آغا سید حسن نے سرکار کی طرف سے ضلع کے ساتھ دو رخی پالیسی اپنانے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ضلع بڈگام کے تئیں سرکار کی جانب سے ہر وقت دو رخی پالیسی تیار کی جاتی ہے اور اس وقت بھی یہی دیکھنے کو مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر دیگر ضلع اسپتالوں میں آکسیجن پلانٹ تیار کئے جا رہے ہیں تو پھر ضلع اسپتال بڈگام میں کیوں ایسا نہیں کیا جا رہا ہے؟۔وہیں مقامی لوگوں نے بھی انتظامیہ سے سوال کیا ہے کہ آخر ضلع اسپتال بڈگام میں اکسیجن پلانٹ کیوں نصب نہیں کیا جارہا ہے؟سی ایم او بڈگام نے کہا کہ آکسیجن پلانٹ بنانے کے لئے جگہ کی ضرورت ہوتی ہے اور ضلع اسپتال بڈگام میں جگہ کی کافی کمی ہے۔انہوں نے کہا کہ 'ایس ڈی ایچ چراری شریف اور ایس ڈی ایچ بیروہ میں آکسیجن پلانٹ بنایا جا ئے گا۔ سی ایم او بڈگام سے جب یہ پوچھا گیا کہ آج تک ضلع اسپتال بڈگام پر توجہ کیوں نہیں دی گئی تو انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے سپر اسپیشلٹی اسپتال بنانے کے لئے زمین کی نشاندہی کی ہے اور آنے والے وقت میں وہاں پر تمام تر سہولیات مریضوں کو ملیں گی۔وہیں ڈی سی بڈگام نے بھی کہا کہ ضلع اسپتال بڈگام میں جگہ کی کافی کمی ہے اور اس لئے وہاں پر آکسیجن پلانٹ نہیں لگایا جا سکتا ہے۔