سرینگر// نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان محمد اکبر لون نے بجلی کی ابتر صورتحال ،پینے کے پانی کی قلت اور سڑکوں کی خستہ حالی پر تشویش کااظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں سے اپیل کی ہے کہ وہ لوگوں کی راحت رسانی کیلئے اقدام کریں۔ایک بیان میں محمد اکبر لون نے کہا کہ ہرے نائیدکھائی سڑک، حیدربیگ ،تیلگام سڑک ، نہال پورہ ،پٹن ٹنگمرگ سڑک، زنہ گام کنزر سڑک، خان پیٹھ(سنگھ پورہ) سمبل سڑک اور دیگر چھوٹی بڑی سڑکوں کی حالت غیر ہے اور ان سڑکوں کی مرمت کی جانب خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ محمد اکبر لون نے کہا کہ رمضان المبارک میں لوگوں کو پینے کے پانی اور بجلی کی غیر معقول سپلائی نے بھی پریشان کیاہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ کھوئی آرا، سنگھ پورہ، خان بیٹھ اور زنگام واٹر سپلائی سکیم کے تحت آنے والے علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے۔ انہوں نے دسل پورہ سے ہائی گام کے درمیان آنے والے نشیبی علاقوں میں ڈی واٹرنگ سٹیشنوں کو معقول پاور سپلائی یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ یاد رہے کہ مذکورہ علاقوں کے وفود محمد اکبر لون کیساتھ ملاقی ہوئے تھے اور اپنے اپنے علاقوں کے مسائل و مشکلات سے آگاہی دلائی تھی۔