پونچھ// ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندر جیت نے محکمہ صحت پونچھ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے اپنے دفتر کے کانفرنس ہال میں ایک اجلاس منعقد کیا ۔اس اجلاس میں محکمہ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی ۔اجلاس کے دوران ضلع ترقیاتی کمیشنر نے محکمہ صحت کے تحت چلائی جا رہی فائدہ مند اسکیموں پر عمل درآمدودیگر کار کردگی کاتفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے اثاثوں کے آڈٹ، سی ایچ اے ٹی اسکیم کے تحت رجسٹریشن، کوویڈ ایکشن پلان، عوام میں قوت مدافعت بڑھانے کے سلسلہ میں ادویات کی تقسیم کے تحت ہونے والی پیشرفت کے حوالے سے افسران سے پوچھا۔ انہوں نے ملازموں کی تعیناتیوں کا جائزہ لیتے ہوئے چیف میڈیکل آفیسر کو تمام اٹیچ منٹ منسوخ کرنے کی ہدایت کی اور اس سلسلہ میں جلد سے جلد رپورٹ پیش کرنے کو کہا۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایمرجنسی کی صورت میں ہی اٹیچ منٹ جاری رکھنے کی اجازت ہو گی اور ڈی ڈی اوز کے ذریعہ حاضری اور کام کی وصولی کے بعد عملہ کی تنخواہ کاٹی جائے گی اور کنٹرولنگ آفیسر سے رپورٹ کی جائے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے محکمہ صحت کے بلاک میڈیکل آفیسر کو سب سینٹر دندی دڑہ ، سب سنٹر ناڑ اور سب سنٹر اڑائی سمیت دیگرعمارتوں کی تکمیل میں تاخیر کے بارے میں بھی ایک رپورٹ پیش کر نے کو کہا۔انہوں نے صحت اسکیم رجسٹریشن کے تحت ہونے والی پیشرفت کے سلسلے میں بھی افسران کو ہدایت جاری کی۔ضلع ترقیاتی کمشنر نے تپ دق کے ضلعی افسر کو بھی اہم ہدایات دی۔جب کہ محکمہ آیوش کے اے ڈی ایم او کو ہدایت کی کہ وہ پی آر آئی کے ساتھ ہم آہنگی سے پنچایت کی سطح پر قوت مدافع کی ادویات کو تقسیم کریں۔انہوں نے سرکاری اسکیموں کے بارے میں چیف میڈیکل افسر اور بلاک میڈیکل افسران کو عوام میں بڑے پیمانے پر آگاہی پیدا کرنے کے لئے آگاہی مہم چلانے کو کہااور تمام تحصیلوں میں ویکسی نیشن کے ٹیکے لگانے کو کہا۔ انہوں نے صحت کے عہدیداروں کو کوڈ نمونوں کی جانچ میں تیزی لانے کی بھی ہدایت کی۔