سرینگر// جموں کشمیر خطے کی جیلوں میں کوئی بھی قیدی کورونا وائرس میں مبتلا نہیں ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جموں کشمیر کی 13 بڑی جیلوں میں ، کسی بھی قیدی کو کورونا مثبت نہیں پایا گیا ہے۔ جموں و کشمیر کی جیلوں میں صفر مثبت کیس ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب نئی دہلی سے متعدد کشمیری قیدیوں کے بارے میں خبریں آتی رہتی ہیں وہ کورونا میں مبتلا ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس وقت 13 قیدخانوںمیں 4550 قیدی نظر بند ہیں اور کوئی بھی کوویڈ مثبت نہیں ہے۔ کوٹ بلوال جیل جموں میں اس وقت 884 قیدی اسیرہیں اورکوروناکے لئے کوئی بھی مثبت نہیں ہے۔ اسی طرح ، سینٹرل جیل سرینگر میں اس وقت 612 قیدی زیر حراست ہیں ، جبکہ ڈسٹرکٹ جیل جموں میں666 ، ڈسٹرکٹ جیل کٹھوعہ میں345 ، ڈسٹرکٹ جیل ادھم پور میں 474 ، ڈسٹرکٹ جیل بھدرواہ میں171 ،ڈسٹرکٹ جیل راجوری میں251 ، ڈسٹرکٹ جیل بارہمولہ میں 300 ، ڈسٹرکٹ جیل کپواڑہ میں 261 اور ڈسٹرکٹ جیل اننت ناگ میں 285 قیدی ہیں۔اعدادوشمار میں کہا گیا ہے کہ خصوصی جیل (اصلاحی گھر) پلوامہ میں 171 قیدی ، ڈسٹرکٹ جیل کشتواڑ میں 80 اور سب جیل ریاسی میں 50 قیدی قید ہیں،تاہم ان قیدیوں میں کوئی بھی نظر بند کورونا میںمبتلا نہیں ہے۔ڈائریکٹر جنرل جیل خانہ جات وی کے سنگھ نے کہا کہ تمام نئے آنے والے قیدیوں کو صرف کورونا منفی سند کے ساتھ جیل میں رکھا کیا جارہا ہے۔ان کا کہنا تھا’’ کورونا مثبت قیدی کو اہلکار کے ساتھ اس وقت تک جی ایم سی منتقل کیا جارہا ہے جب تک اس کی رپورٹ منفی نہیں آتی،یہاں تک کہ آمد پر منفی رپورٹ کے بعد بھی لازمی قرنطینہ میں رکھا جاتا ہے‘‘۔ڈائریکٹر جیل خانہ جات کا کہنا تھا’’ہم قیدیوں کے مدافعتی نظام کو بہتر انداز میں رکھتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ قیدیوں کو رشتہ داروں کے ساتھ ملاقات ، ثقافتی پروگراموں،کھیل کود کے علاوہ اچھی نیند وغیرہ کی اجازت دی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ ، ہر قیدی ماسک پہنتا ہے ،سینی ٹائزراستعمال کرتے ہیں جبکہ جیلوں کو مسلسل جراثیم کش ادویات سے چھڑکا جاتا ہے۔