پونچھ //مسافروں سے اضافی کرایہ وصول کرنے کی عوامی شکایات کے بعد اسسٹنٹ ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر پونچھ نے مسافر گاڑیوں کے کرایوں کا تعین کر کے ایک فہرست جاری کر دی ہے ۔اس کے باوجود لوگ شکایت کر رہے ہیں کہ چھوٹی مسافر گاڑیوں والے ان سے اضافی کرائے لے رہے ہیں جس کی بعد محکمہ ٹریفک پولیس، ضلع پولیس نے مختلف مقامات پر ناکے لگا کر گاڑیوں کی چیکنگ شروع کی جس کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ڈرائیوروں کے خلاف کاروائی کی گئی۔ضلع ٹریفک انسپکٹرشوکت امین خان ،ایس او محمد عارف میر اور ایس او یونس خان نے پونچھ سے مختلف مقامات کو جانے والی بسوں ،سومو گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل شروع کیا اور اس دوران انہوں نے کئی افراد کو اضافی کرایہ وصول کرنے کی پاداش میں جرمانہ عائد کیا۔ان افسروں نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ یہ عمل آنے والے دنوں میں بھی جاری رکھیں گے۔ اس کے علاوہ انہوں نے تمام بسوں، ٹاٹا میجک، سومو ڈرائیوروں اور دیگر گاڑیوں کے مالکان اور ڈرائیوروںکو متنبہ کیا کہ وہ کسی بھی صورت میں سواریوں سے اضافی کرایہ وصول نہ کریں، ورنہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گئی۔