جموں//اپنی پارٹی ریاستی یوتھ ونگ جنرل سیکریٹری ابہے بقایہ نے بدھ کے روز مطالبہ کیا ہے کہ جموں وکشمیر پولیس محکمہ میں سب انسپکٹروں کی بھرتی کے لئے عمر میں رعایت دی جائے۔ یوتھ ونگ نے گاندھی نگر دفتر میں ایک میٹنگ منعقد کی جس میں جموں وکشمیر کے نوجوانوں کو درپیش مشکلات ومسائل پر غوروخوض کیاگیا۔ میٹنگ جس کی صدارت یوتھ ونگ ریاستی جنرل سیکریٹری ابہے بقایہ نے جموں وکشمیر پولیس میں سب انسپکٹروں کی بھرتی میں نوجوانوں کو عمر میں رعایت نہ دیئے جانے پر تشویش کا اظہار کیا اور مانگ کی کہ اِس مسئلہ کو حل کیاجائے تاکہ زیادہ سے زیادہ تعلیم یافتہ اہل نوجوان اِس عمل میں حصہ لے سکیں۔ ابہے بقایہ نے میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس میں سب انسپکٹروں کی آسامیاں مشتہر کرنے کے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا تاہم انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کی کہ اِس میں عمر کی حد ہٹائی جائے اور رعایت دی جائے۔