سرینگر// صوبائی انتظامیہ کشمیر نے کہا ہے کہ کوویڈ کی تیسری لہر سے نمٹنے کیلئے وسیع ترانتظامات کیساتھ انتظامیہ تیار ہے۔ ڈویژنل کمشنر کشمیر ، پی کے پولے نے سرینگر میں محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ کے آڈیٹوریم میں ایک تقریب کے حاشیہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر میں کویڈ کی دو لہروں نے علیحدہ علیحدہ اثرات مرتب کئے۔انہوں نے کہا’’پہلی لہر میں وائرس کا پھیلاؤ زیادہ زیادہ نہیں تھا جب کہ دوسری لہر میں ، کوویڈ نے مختلف اثرات مرتب کئے کیونکہ اس کا پھیلاؤ زیادہ تھا اور آکسیجن سے لیس بستروں کی بھی کمی پڑ گئی۔‘‘تاہم انہوں نے کہا کہ اب تک دو لہروں میں درپیش حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے اس کے مطابق انتظامات کئے ہیں اور چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھاآکسیجن پلانٹوں کو کئی گنا بڑھایا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جاسکے کہ صورتحال سے آسانی سے نپٹا جا سکے۔ پولے نے کہا کہ دو لہروں سے حاصل ہونے والے تجربے کے مطابق وسائل کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ ہفتے کے آخر میں لاک ڈاؤن کے بارے میں پوچھے جانے پر ، پولے کا کہنا تھا کہ یہ مشاہدہ کیا گیا ہے کہ لوگ کووڈ کے رہنما خطوط کی صحیح پابندی نہیں کرتے ہیں اور ہفتہ اور اتوار کو لوگ گھروں سے نکل کر مختلف جگہوں پر جاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح وائرس کے پھیلائو اور کووڈہدایات کی مناسب سے پابندی کو یقینی بنانے کیلئے لاک ڈاؤن کو جاری رکھنے کے فیصلے کو برقرار کھا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اگرچہ کویڈ مثبت تناسب کم ہورہا ہے ، تاہم کچھ اقسام اس وقت سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہدایات پر عمل نہ کرنے کے باوجود ، صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے کچھ پابندیاں ختم نہیں کی جا رہی ہیں۔‘‘تعلیمی اداروں کو کھولنے کے بارے میں ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں جب فیصلہ لیا جائے گا اس کا اشتراک کیا جائے گا۔کچھ ماہ قبل بلیوارڈ روڑکی تزئین و آرائش کے بارے میں ایک سوال پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ، انہوں نے کہا کہ ٹینڈرز تیار کردیئے گئے ہیں اور جلد ہی اس سڑک کی مرمت کردی جائے گی۔