پونچھ// بیوپار منڈل پونچھ نے جمعہ کے روز پونچھ کے صدر بازار میں محکمہ بجلی کے خلاف احتجاجی ریلی نکال کر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔ تاجروں نے احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ محکمہ پر الزام عائد کیا کہ محکمہ لوگوں کو بجلی فراہم کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہوچکا ہے۔ اس موقعہ پر ایک تاجر نیشو گپتا نے کہا اگر چہ محکمہ پی ڈی ڈی نے بجلی شیڈول جاری کیا ہے لیکن یہ شیڈول صرف کاغذات تک ہی محدود ہے جس کے نتیجے میں نہ صرف عام صارفین بلکہ تاجروں کو بھی سخت مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ بجلی کی جانب سے دعویٰ کیا جاتا ہے کہ عوام کو معقول بجلی فراہم کی جاتی ہے لیکن ضلع میں عوام بجلی کے کٹوتی شیڈول سے نالاں ہے۔اْنہوں نے مزید کہا کہ شیڈول کے تحت بجلی فراہم نہیں کی جاتی ہے اور مہینہ ختم ہونے سے پہلے ہی فیس وصول کرنے کیلئے بل ارسال کر دئیے جاتے ہیں۔تاجروں نے ضلع انتظامیہ اور محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔شفیق حسین بابانے کہا کہ بجلی کے ہونے کی وجہ سے عوام کو پانی بھی نہیں فراہم ہوتا ۔انھوں نے کہا اگر اس صورتحال پر فوری طور قابو نہیں پایا گیا تو وہ احتجاجی سلسلہ جاری رہے گا۔ تاجروں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اندرجیت سے اپیل کی کہ وہ مداخلت کر کے لوگوں کو بجلی کی پریشانیوں سے نجات لائیں ۔