سرینگر//نیشنل کانفرنس کی معاون صوبائی ترجمان سارا حیات شاہ کو پارٹی کی سوشل میڈیا سیل کا سربراہ مقرر کیا گیا ۔ اس سلسلے میں نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر ایک مختصر تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقعے پر پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ، اُن کے صلاح کار تنویر صادق اور ترجمان عمران نبی ڈار بھی موجود تھے۔ اسی تقریب پر معروف پینسلٹ ، ڈبیٹر، کالم نگار اور سماجی کارکن افرا جان نے نیشنل کانفرنس میں شمولیت اختیار کی اور انہیں پارٹی کے معاون صوبائی ترجمان کی ذمہ داریاں سونپی گئیں۔ پارٹی صدرِ ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور نائب صدر عمر عبداللہ نے دونوں کو مبارکباد پیش کی اور انہیں پھولوں کے ہار بھی پہنائے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کے احکامات کی رو سے سارا حیات شاہ سوشل میڈیا ونگ کی کمان سبھالیں گی اور وہ اپنی ٹیم کا انتخاب بھی کریں گی۔ پارٹی جنرل سکریٹری علی محمد ساگر اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے ساراحیات شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اُمید ظاہرکی ہے کہ موصوفہ نئی ذمہ داریاں خوش اسلوبی کیساتھ نبھائیں گی اور پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کریں گی۔ یاد رہے کہ سارا حیات شاہ نے برطانیہ میں نیو کیسٹل یونیورسٹی سے انسانی جغرافیہ میں پوسٹ گریجویشن حاصل کی۔ موصوفہ نے معروف چینل نیشنل جغرافیہ میں بھی کام کیاہے۔ سارا حیات نیشنل کانفرنس کے سابق صوبائی صدرو سابق ایم ایل سی غلام نبی شاہین کی دختر ہیں اور وہ 2014میں جموں و کشمیر کی سرگرم سیاست میں شامل ہوئیں۔ 2015میں انہیں نیشنل کانفرنس کی معاون صوبائی ترجمان مقرر کیا گیا تھا۔