کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی
۔4272افراد سے641950روپے جرمانہ وصول
سرینگر//گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا رہنماخطوط کی خلاف ورزی کی بناپر پولیس نے 4272افراد سے641950روپے جرمانہ وصول کیا۔ا س کے علاوہ دوگاڑیوں کو بھی کوروناگائیڈ لائنز کی خلاف ورزی کرنے کی پاداش میں ضبط کیاگیا۔وادی بھرمیں کورونارہنماخطوط کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف پولیس کی خصوصی مہم جاری ہے اور ایک بیان میں پولیس نے عوام الناس سے کورونا رہنماخطوط کی سختی سے پاسداری کرنے کی اپیل کی ہے۔
سرینگرمیں مرکزی انتظامی ٹریبونل دفترقائم کیا جائے
ایمپلائز جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی میٹنگ میں مطالبہ
سرینگر//ایمپلائز جوائنٹ کنسلٹیٹوکمیٹی نے سرینگرمیں مرکزی انتظامی ٹریبونل دفتر قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔چیئرمین اعجازاحمدخان کی صدارت میں منعقدہ کمیٹی کی میٹنگ میں جمعہ کے روز حکومت کو پانچ نکات پر مشتمل مطالبات پیش کئے گئے۔ میٹنگ میں سرکاری ملازمین کے ساتھ ساتھ مختلف سرکاری محکموں میں دہائیوں سے خدمات انجام دینے والے عارضی ملازمین کودرپیش مشکلات،اُن کے جائز مطالبات،سرکاری محکموں کے ورک کلچر،ملازمین کی ٹرانسفرپالیسی ،سرکاری محکموںکے اعلیٰ افسروں کی جانب سے پسند یاناپسند کی بنیاد پرملازمین کی ٹرانسفر یاتعیناتی ،انسدادکورپشن بیورئو اوردیگرتحقیقاتی اداروں میں دھاندلیوں وبے ضابطگیوں کے کیسوں کا سامنا کرنیوالے افسروں کی اہم عہدوں پرتعیناتی اوردیگرمتعلقہ امور کوزیربحث لایا گیا ۔انہوں نے کہاکہ آج بھی سرکاری ملازمین کوٹرانسفر کے وقت ناانصافیوں و زیادتیوںکاسامنا کرنا پڑتا ہے،کیونکہ جب کسی اعلیٰ افسرکوکسی سرکاری محکمے کی کمان سونپی جاتی ہے تو بیشتر ایسے اعلیٰ افسران پہلی فرصت میں ہی ملازمین کی ٹرانسفر اوراُنھیں دوسری جگہوں یاشعبوں میں تعینات کرنے کے حکمنامے جاری کرتے ہیںاوراس دوران منظورنظر ملازمین اورنان گزٹیڈ افسروں کیساتھ زیادتی اورسراسر ناانصافی کی جاتی ہے ۔اعجازاحمدخان نے ساتھ ہی کہاکہ اعلیٰ افسروں کواضافی محکموں کاچارج دینے سے سرکاری محکموں اوردفاتر میں معمول کاکام کاج اورورک کلچر اثرانداز ہوجاتا ہے ۔سینئر ٹریڈیونین لیڈر نے کہاکہ آج بھی مستقل اورعارضی ملازمین کووقت پرماہانہ تنخواہیں اوراُجرتیں نہیں دی جاتی ہیں ،اورآج بھی ڈیلی ویجروں ،کیجول لیبروں ،آنگن واڑی ورکروں اورہیلپروںکی تنخواہوں کومہینوںتک واجب الادارکھاجاتا ہے ۔
راجوری جھڑ پ میں ہلاک شدہ فوجی اہلکار
آندھراحکومت کا لواحقین کو50لاکھ روپے دینے کا اعلان
مراوتی//آندھراپردیش حکومت نے جموں کشمیرمیں جنگجوئوں کے ساتھ ایک تصادم میں ہلاک ہوئے فوجی جوان کے لواحقین کو 50لاکھ روپے کی ایکس گریشیا ریلیف دینے کااعلان کیا ہے۔گنٹورضلع کے جسونت ریڈی راجوری ضلع میںجمعرات کو ایک مڈبھیڑ میں ہلاک ہوگئے۔آندھراپردیش کے وزیراعلیٰ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے جسونت کی موت پردکھ کااظہار کیا ہے۔
پٹرول کی غیر قانونی فروخت
حاجن کاسٹوریج یونٹ سربمہر
سرینگر//بانڈی پورہ میںغیر قانونی طریقے سے پیٹرول فروخت کرنے کی پادا ش میں انتظامیہ نے ایک سٹوریج یونٹ کو سیل کردیا ہے جبکہ اس معاملے کی تحقیقات ایک کمیٹی کرے گی۔سی این آئی کے مطابق ضلع بانڈی پورہ میںپشواری حاجن علاقے میں ایک سٹوریج یونٹ کو 25ہزار لیٹر پیٹرولیم ذخیرہ کرنے کی اجازت دی گئی تھی تاہم انتظامیہ کو شکایت موصول ہوئی کہ وہاں غیر قانونی طریقے سے پیٹرول ریٹیل فروخت کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں تحصیلدار حاجن زیشان طاہر نے بتایا ہے کہ سٹوریج یونٹ کو پیٹرولیم مصنوعات کو ذخیرہ کرنے کی اجازت دی گئی تھی اور جب ہمیں اس بارے میں شکایت موصول ہوئی کہ وہاں پر رٹیل پیٹرول فروخت کیا جارہا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی گئی ۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلے میں پیٹرول سٹوریج یونٹ کو مقفل کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں ایک انکوائری کمیٹی بنائی گئی ہے جس میںتحصیلدار، اسسٹنٹ ڈائریکٹرفوڈ کے علاوہ لیگل میٹرولوجیکل ڈپیارٹمنٹ کے اہلکار شامل ہوں گے ۔ اس معاملے میں سٹوریج یونٹ ہولڈر کی لائسنس منسوخ بھی کی گئی اور تحقیقات مکمل ہونے تک سٹوریج بھی سیل رہے گا۔
بوٹنگوسوپورمیں المناک حادثہ
۔2موٹر سائیکل سوار ہلاک،ایک زخمی
سوپور/غلام محمد /بوٹنگو سوپور میں سڑک کے ایک المناک حادثے میں دونوجوان ہلاک اورایک شدیدزخمی ہوا۔اطلاعات کے مطابق جمعرات دیر شام تین نوجوان ایک موٹر سائیکل پر جارہے تھے کہ اس دوران بوٹینگو گائوں کے قریب ان کا موٹر سائیکل چلانے والے کے قابو سے باہر ہوگیااورایک ٹریکٹر کے ساتھ ٹکرا گیا جس کی وجہ سے ایک نوجوان کی موقعہ پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ دو شدیدزخمی ہوگئے جنہیں مقامی لوگوں نے فوراًسب ضلع اسپتال سوپور پہنچایا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد دونوں کو سرینگر ریفر کیاگیاجہاں جمعہ صبح کو ایک اور نوجوان زخموں کی تاب نہ لاکر رحلت کرگیا۔پولیس نے اس دوران اس واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ آزاداحمد لون ولدغلام رسول لون ساکن ہتھ لنگو سوپور کی موقعہ پرہی موت واقع ہوئی جبکہ رشیدنذیرمیر ولدنذیراحمدمیراورمحمدعمرلون ساکنان ہتھ لنگوزخمی ہوگئے تاہم اسپتال میں رشیدنذیربھی زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسا۔پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔
چھپر اوڑی میں سکول عمارت خاکستر
اوڑی/ظفر اقبال/ چھپر اوڑی میںگورنمنٹ مڈل سکول کی عمارت خاکسترہوئی ۔ جمعہ بعددوپہرچھپر اوڑی میں آگ کی ایک واردات میں دو کمروں پر مشتمل گورنمنٹ مڈل سکول کی عمارت مکمل طور خاکستر ہو گئی اور ساتھ میں دوسری عمارت کو جزوی نقصان ہوا ہے۔محکمہ تعلیم کے ایک آفیسر نے بتایا کہ پولیس اور مقامی لوگوں کی بروقت بچاو کاروئی کی وجہ سے دوسری عمارت کو مزید آگ سے بچایا گیا۔انہوں نے بتایا کہ آگ کی وجوہات ابھی تک پتہ نہیں چلاہے۔ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ پولیس نے آگ لگنے کی وجہ پتہ کا لگانے کے لئے چھان بین شروع کر دی ہے۔
حضرت سید محمد منطقی اویسیؒ اور حضرت سید شاہ صادق قلندرکے عرس
نیشنل کانفرنس کی انتظامات کی اپیل ،ڈاکٹر فاروق کی مبارکباد
سرینگر//حضرت سید محمد منطقی اویسیؒ (عالی کدل) اور حضرت سید شاہ صادق قلندرؒ (وتہ لار گاندربل) کے سالانہ عرس ہائے مبارک پر صدر نیشنل کانفرنس و رکن پارلیمان ڈاکٹر فاروق عبد للہ نے تمام لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات پوری ملت کے لئے مشعل رہ ہے جنہوںنے لوگوں کو قرآن پاک ،نماز اور دیگر دینی احکامات سکھانے میں اپنی عمر صرف کی ہے۔ڈاکٹر فاروق نے اپنے پیغام میں کہا کہ بزرگان دین کی تعلیمات اور سیرت تمام لوگوں کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا اولیا اولیٰ کی درگاہیں ہمارے دلوں کو سکون بخشتے ہیںجو اسلامی تہذیب اور تمدن کا گہوارہ رہ چکے ہیں۔ اس دوران پارٹی کے جنرل سیکرٹری علی محمد ساگر ، سینئر لیڈران میاں الطاف احمد، شیخ اشفاق جبار نے بھی لوگوں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے انتظامیہ سے علاقے میں تمام سہولیات بہم پہنچانے کا مطالبہ کیا۔عرس ہائے مبارک 10اور 11جولائی منائے جارہے ہیں۔ علی محمد ساگر نے عرس مبارک حضرت بانی اسلام کشمیر حضرت میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس کے ایام کے دوران تاریخی خانقاہِ معلی سرینگر میں انتظامات کی اپیل کی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ وادی کے تمام خانقاہوں پر بھی انتظامات رکھے جائیں۔ عرس کی تقریب 30ذی القدہ سے شروع ہورہے ہیں۔
حقانی میموریل ٹرسٹ کے گلہائے عقیدت
سرینگر//حقانی میموریل ٹرسٹ جموں و کشمیر نے حضرت شاہ صادق قلندر کے عرس مبارک پر انہیں گلہائے عقیدت پیش کئے ہیں۔ ٹرسٹ کے سرپرست اعلی سید حمید اللہ حقانی اور جنرل سکریٹری بشیر احمد ڈار نے خراج عقیدت پش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انکے تاریخ ساز اسلامی کارناموں میں ملک کشمیرمیں تبلیغ دین سرفہرست ہے انہوں نے یہاں شہر قصبہ اورگاوں گاوں جا کر کشمیر کو دین اسلام سے منور کیا۔ سادات کے اس قافلے نے کشمیر آکر تبلیغ دینِ اسلام کی خاطر عظیم اور تاریخی ملی خدمات اور کارنامے انجام دیئے۔ ان صوفیاکی گراں قدر دین سے یہاں کی تہذیبی، ثقافتی، تعمیری ، تبلیغی اور روحانی میدانوں میں دیرپانقوش قام ہوئے۔