بارہمولہ //پٹن کا گاٹھ گوپالن علاقہ موجودہ دور میںبنیادی سہولیات سے محروم ہے جس کی وجہ سے مقامی آباد کوسخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقے میںپینے کا صاف پانی نایاب ہے ،سڑکوں کی حالت خستہ ہے جبکہ بجلی اور طبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات درپیش ہیں ۔ ریاض احمد نامی ایک شہری نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا کہ علاقے میں کئی ماہ سے پینے کی پانی کی سخت قلت ہے تاہم جل شکتی محکمہ کی جانب سے انہیں پینے کا صاف پانی فراہم کرنے کیلئے کوئی اقدام نہیں کیا جارہا ہے ۔لوگوں نے بتایا کہ سرکار نے اس گائوں کو سڑک رابطے سے بھی محروم رکھا ہے جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ طلاب بھی زبردست مشکلات کا سامنا کررہے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ اگر چہ سرکار نے کئی سال قبل ایک سڑک بنائی تھی تاہم وہ نہ ہونے کے برابر ہے کیونکہ آج تک اس سڑک کی کبھی مرمت نہیں کی گئی ۔انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی سپلائی کا حال تو مزید پریشان کن ہے ۔ شام ہوتے ہی گائوںمیں اندھیرا چھایا جاتا ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق گائوں میں طبی سہولیات کا بھی فقدان ہے اور مریضوں کو پٹن،سوپور ،بارہمولہ یا سرینگر کا رخ کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے گورنر انتظامہ سے فوری مداخلت کی اپیل کی۔