سری نگر//ڈائریکٹوریٹ آف ٹورازم کشمیر نے یہاں انسٹی چیوٹ آف ہوٹل مینجمنٹ میں کرسمس کے موقعہ پر تقریبات کا اہتمام کیا جس میں وادی کے مختلف حصوں سے تخلیقی بیکرس نے اَپنے رنگین کرسمس تھیم والے کیک بناکر اَپنی صلاحیتوں اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔
23 دسمبر کو شروع ہونے والا کیک پکانے کا مقابلہ جمعے کے روز اختتام پذیر ہوا جس میں 8 شرکا فائنل راﺅنڈ میں پہنچے ، فائنل راﺅنڈ کے شرکا کو 20,000 نقد اَنعامات اور مومنٹوز سے نوازا گیا۔
اِس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت سرمد حفیظ ، ناظم سیاحت کشمیر جی این اِیتو اور دیگر متعلقین نے شرکت کی۔
اِس سلسلے میں آئی ایچ ایم کے اَحاطے کو میری کرسمس کے تھیم والے بنٹگوں، جھنڈوں، غباروں اور مختلف قسم کے بینروں سے سجایا گیا تھا جو اِس موقعہ پر تہوار کا منظر پیش کر رہے تھے۔مسیحی برادری کے اَفراد نے خصوصی دعاﺅں ، کیرول میں شرکت کی او رشرکا نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی ، محبت اور اِنسانیت سے ہمدردی کے لئے دعا کی۔
اِس موقعہ پر سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ محکمہ سیاحت کی طرف سے کرسمس کے موقعہ پر تقریبات شروع کرنا ایک عظیم روایت ہے اور اُنہوں نے لوگوں کو مبارک باد او رنیک تمناﺅں کا اِظہار کیا اور جموں وکشمیر کے اَمن، ترقی اور خوشحالی کے لئے دعا کی۔
سرمد حفیظ نے کہا کہ یہ دُنیا بھر کے تمام لوگوں کو دعوت ہے کہ وہ جموں وکشمیر کے خوبصورت مقام کی سیر کریں ۔
اُنہوں نے کہا کہ محکمہ سیاحت نے سیاحتی شعبے کو فروغ دینے اور جموں وکشمیر میں اَچھی خاصی تعداد میں سیاحوں کو راغب کرنے کے لئے بہت سی سرگرمیاں شروع کی ہیں۔
اُن کے مطابق محکمہ سیاحتی سرگرمیوں کے لئے بہت سے دوسرے ممکنہ علاقوں کو کھول رہا ہے اور سیاحوں کے لئے یاد گار قیام کو یقینی بنانے کے لئے بنیادی ڈھانچے کو بھی اَپ گریڈ کر رہا ہے۔
سیکرٹری سیاحت نے کہا کہ یہ پہلا موقعہ ہے کہ موسم سرما کے تمام سیاحتی مقامات کے ساتھ سونہ مرگ اِس موسم میں سیاحوں کی آمد کے لئے کھلا رہے گا۔
سیکرٹری نے شرکا کو مبارک باد دی او رکہا کہ وہ ان کی صلاحیتوں سے بہت متاثر ہوئے ہیںاور محکمہ ہمیشہ نوجوانوں کو اَپنی صلاحیتوں کے اِظہار کے لئے ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا رہے گا۔
ناظم سیاحت کشمیر جی این اِیتو نے کہا کہ محکمہ سیاحت خواہشمند کاروباریوں کو ہینڈ ہولڈنگ فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔