سری نگر// جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے سرپرست اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبدا ﷲ کا کہنا ہے کہ حد بندی کمیشن کی رپورٹ کو این سی نے سرے سے ہی مسترد کیا ہے ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کمیشن کی تمام مشق بھاجپا کے خاکوں میں رنگ بھرنے کی مذموم کوشش ہے
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں او بی سی اور ای سی طبقوں سے تعقل رکھنے والے وفود کے ساتھ تبادلہ خیالات کرتے ہوئے کیا ۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت کو نا انصافی پر مبنی اپنی پالیسی کو ترک کرنا چاہئے کیونکہ اس کے خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آسکتے ۔
حدبندی سے متعلق وفود کے تحفظات کو جائز قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہاکہ نیشنل کانفرنس نے حدبندی کمیشن کی رپورٹ سرے سے ہی مسترد کی ہے اور کمیشن کو اپنے جواب میں اس بات کا برملا اظہار کیا ہے کہ کمیشن کا قیام ہی غیر قانونی ہے اور کمیشن کی تمام مشق بھاجپا کے خاکوں میں رنگ بھرنے کی مذموم مشق ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس تینوں خطوں کے عوا کی ترجمان جماعت رہی ہے اور آج بھی تمام طبقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کے مفادات، احساسات اور جذبات کے لئے برسر جدوجہد ہے۔
اُن کے مطابق این سی نے کسی بھی مذہب، طبقے یا علاقے کے لوگوں کے ساتھ ناانصافی نہیں کی بلکہ ہر ایک کے ساتھ مساوات پر مبنی سلوک روا رکھا ہے۔
ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے وفد میں شامل افراد کو بھروسہ دلایا کہ اُن کے مطالبات کو لوک سبھا میں اُٹھائیں گے اور ان کا سدباب کرانے کی بھر پور کوشش کریں گے۔