کشتواڑ// کشتواڑ ضلع کے واڑوان علاقے کے چھ افراد، جو تین دن قبل اننت ناگ سے مرگن ٹاپ کے راستے اپنے گھر جاتے ہوئے لاپتہ ہوگئے تھے، جمعہ کی صبح تلاش کرلئے گئے ہیں۔
ایک اہلکار کے حوالے سے خبر رساں ایجنسی کے این او نے اطلاع دی ہے کہ تمام چھ افراد زندہ ہیں اور انہیں واڑوان کے علاقے انشان کی چوٹی پر دیکھا گیا ہے اور وہ اپنے گھروں کو جا رہے ہیں۔
اہلکار نے بتایا کہ واڑوان کے علاقے سے پولیس اور مقامی لوگ بھی ان کی طرف بڑھ رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ دو سے تین گھنٹے کے اندر وہ سبھی گھر واپس پہنچ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ، منگل کی رات 9 بجے سے محمد اکبر کوکا، غلام نبی کوکا، اعجاز احمد کوکا، گلزار احمد کوکا، منظور احمد کوکا اور ادریس احمد ڈار کے نام سے چھ لاپتہ افراد سے کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے – یہ تمام افراد چویدرمن واڑوان سے ہیں۔
جموں و کشمیر کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے حکام نے جمعرات کو لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ایک ریسکیو آپریشن شروع کیا۔