تاجر انجمنوں کا وفد کانگریس صدرطارق حمید قرہ سے ملاقی ، تجارت سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچررس فیڈریشن کے بینر تلے تاجروں کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اور سنیٹرل شالہ ٹینگ سرینگر کے ممبر اسمبلی طارق حمیدہ قرہ سے ملاقات کی جس دوران تجارت سے متعلق اہم معاملات پر مفصل بات چیت ہوئی۔ تاجر انجمنوں کے وفد کی قیادت کے ٹی ایم ایف کے چیئرمین ابرار احمد اور صدر ہلال احمد مندو کر رہے تھے ۔ وفد نے طارق حمید قرہ کے ساتھ جموں و کشمیر میں تجارت سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں اپنے مسائل ومطالبات پیش کئے ۔ اس دوران طارق حمیدقرہ نے وفد کی جانب سے اجاگر کئے گئے مطالبات کو بغور سنا اور وفد کی یقین دہانی کرائی کہ ان کے جو بھی جائزہ اور حل طلب مطالبات ہونگے ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کیلئے حکام پر زور دیا جائے گا ۔ کے ٹی ایم ایف بیان کے مطابق طارق حمیدہ قرہ سے ملاقات میں خطے میں تجارتی شعبے کو درپیش مختلف چیلنجوں سے نمٹنے پر توجہ مرکوز کی گئی، جس کا مقصد جموں و کشمیر میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے حل اور راستے تلاش کرنا تھا۔وفد نے طارق حمید قرہ کو ان کی حالیہ فتح پر مبارکباد دینے کا موقع بھی لیا۔ وفد نے ان کی کامیابی کی تعریف کی اور لوگوں کی نمائندگی کرنے اور جموں و کشمیر کے اہم مسائل بالخصوص تجارت سے متعلق مسائل کو حل کرنے میں ان کی مسلسل کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
