سنتھن ٹاپ پر تازہ برفباری، علاقے میں پھنسی 6 گاڑیوں کو نکال لیا گیا

عاصف بٹ

کشتواڑ// محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق ضلع کشتواڑ کے بالائی علاقوں میں تازہ برفباری و میدانی علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، منگل کی دیرشام کو سنتھن ٹاپ پر ہوئی تازہ برفباری کے سبب کئی گاڑیاں وہاں پھنس گئی تھی، جنہیں بعد میں دیررات ریسکیو کیا گیا۔
این ایچ آئی ڈی سی ایل کے جونیرانجینئر نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ چھ کے قریب درماندہ گاڑیوں کو کڑی مشقت کے بعد رات دیر گئے نکالاگیا جو برفباری کے سبب سنتھن ٹاپ پر پھنس گئیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت سنتھن ٹاپ پر ڈیڑھ فٹ کے قریب تازہ برف جمع ہے اور برفباری کا سلسلہ ہنوز مسلسل جاری ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ سڑک کو گاڑیوں کی آمدرفت کیلئے آج احتیاتی طور بند کردیاگیا ہے۔ وہیں میدانی علاقہ جات میں بھی موسلادھار بارشوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جسکے سبب عوام سخت مشکلات سے دوچار ہورہی ہے۔