عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/منشیات کے خلاف کریک ڈاؤن کو وسیع پیمانے پر جاری رکھتے ہوئے جموں وکشمیر پولیس نے الگ الگ کارروائیوں کے دوران جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع میں 5 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کی تحویل سے ممنوعہ مواد بر آمد کیا ہے۔ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اننت ناگ میں پولیس اسٹیشن اتر سو کی ایک ٹیم نے میتھمو کراسنگ کے نزدیک ناکے کے دوران ایک مشتبہ شخص جس نے ایک نائلون بیگ اٹھایا تھا، کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس کی تحویل سے3.140 کلو بھنگ بھوسہ (پسا ہوا چرس جیسا مواد) بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو موقع پر ہی گرفتار کیا گیا۔گرفتار شخص کی شناخت دلپذیر خان عرف گوجر باما ولد فاروق احمد ساکن سنگلان اتر سو کے طور پر کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اتر سو میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر64/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس اسٹیشن ڈورو کی ایک ٹیم نے منڈی پورہ کراسنگ پر ناکے کے دوران دو مشتبہ افراد کو دھر لیا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران ان کی تحویل سے 750 گرام گانجا جیسا ممنوعہ مواد اور 410 گرام خشخاش بھوسہ جیسا مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت شروف احمد وگے ولد غلام محمد وگے ساکن گچھن اور محمد یاسین شاہ ولد غلام نبی شاہ ساکن تمبوری پورہ کے طور پر ہوئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن ڈورو میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر108/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔پولیس ترجمان نے بتایا کہ پلوامہ میں پولیس اسٹیشن کاکہ پورہ کی ایک ٹیم نے ایک اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے اوکھو کاکہ پورہ میں ایک گاڑی زیر رجسٹریشن نمبرHR51BD/1552 جس میں دو افراد سوار تھے، کو روکا۔
انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران گاڑی سے 12 کلو خشخاش بھوسہ اور ایک گرائنڈر بر آمد کیا گیا جس کے بعد دونوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار شدگان کی شناخت محمد افتخار علی (ڈرائیور) ولد علی محمد ساکن مام گڑھ روڈ مارل کوٹلہ پنجاب اور محمد الطاف نائیک ولد عبد الرزاق نائیک ساکن اربیگ کاکہ پورہ کے طور پر کی گئی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن کاکہ پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر 75/2025 ایک مقدمہ درج کیا گیا اور مزید تحقیقات شروع کی گئیں۔
اننت ناگ اور پلوامہ اضلاع میں 5 منشیات فروش گرفتار، ممنوعہ مواد بر آمد: پولیس