سرینگر: راہگیر کو لوٹنے والے 2 جیب کترے گرفتار، مسروقہ رقم برآمد

File Photo

سری نگر// سری نگر میں راہگیر کی جیب سے ایک لاکھ روپے چوری کرنے میں ملوث دو افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ دو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
خبر رساں ایجنسی کے این او نے ایک اہلکار کے حوالے سے بتایا کہ اسد اللہ ڈار ولد مرحوم غلام محمد ڈار سکنہ لسجن عمر تقریباً 70 سال کی جانب سے ایک شکایت موصول ہوئی کہ پانتھ چوک میں ایک بس میں کچھ نامعلوم جیب کتروں نے اس کی جیب سے 100000 (ایک لاکھ روپے) چوری کر لیے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ رقم جے کے بینک بی بی کینٹ سے نکلوائی گئی تھی اور عمرہ کی ادائیگی کے لیے لے جا رہے تھے۔ پولیس نے اس معاملے پر قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت FIR زیر نمبر 130/2022 درج کیا گیا اور تفتیش شروع کی گئی تھی۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ دوران تفتیش ایس ڈی پی او کی زیر نگرانی مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں اور مختصر عرصے میں دو ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ملزم شوکت گرو ولد احمد گورو سکنہ چنار باغ لال چوک اور عاشق شیخ ولد فاٹا شیخ ساکنہ پلوامہ کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمین کے انکشاف پر پولیس نے مسروقہ رقم 100000 برآمد کر لی۔
ملزم نے مزید انکشاف کیا کہ اس جرم میں مزید دو ملزمان بھی ملوث تھے جو فرار ہو گئے۔
انہوں نے کہا کہ باقی ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔