پونچھ میں ریچھ کے حملے میں دو افراد شدید زخمی

عشرت حسین بٹ

منڈی//بدھ کو ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ اڑائی میں دو شخص ریچھ کے حملے میں شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
پولیس زرائع کے مطابق بدھ کو اڑائی علاقہ میں دو افراد ریچھ کے حملے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں جنہیں مقامی لوگوں کی مدد سے علاج و معالجے کے لیے سب ضلع ہسپتال منڈی لایا گیا۔
زخمیوں کی شناخت محمد اسلم اور خادم حسین ساکنان اڑائی موری کے طور پر ہوئی ہے۔
مقامی لوگوں کے مطابق دونوں افراد اپنی ڈھوک موری میں معمول کے مطابق کام کاج میں مصروف تھے کہ اچانک ایک ریچھ ان پر حملہ آور ہوا جس سے وہ دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
اس موقع پر مقامی لوگوں نے زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال منڈی پہنچایا جہاں ان کا علاج و معالجہ جاری ہے۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے جنگلی جانوروں کو رہائشی علاقوں سے دور رکھنے کیلئے جو سہولیات میسر کی جانی تھیں وہ آج تک نہیں دی گئی ہیں۔