کپواڑہ کرناہ سڑک بند ہونے سے کرناہ کے 2رہائشیوں کی لاشیں اب بھی درماندہ

File Photo

کپواڑہ//گزشتہ دنوں ہوئی برف باری کی وجہ سے کپواڑہ-کرناہ سڑک مسلسل بند ہونے کے باعث شمالی کشمیر کے ہندواڑہ قصبے میں کرناہ کے رہائشیوں کی دو لاشیں اب بھی درماندہ ہیں۔
خبر رساں ایجنسی کشمیر نیوز ٹرسٹ (کے این ٹی) نے بتایا کہ اگرچہ ضلعی انتظامیہ نے لاشوں کو مردہ خانے میں رکھا ہوا ہے لیکن ان کے لواحقین انہیں ایئر لفٹنگ کا مطالبہ کر رہے ہیں تاکہ ان کی آخری رسومات کو جلد از جلد ادا کیا جا سکے۔
کرناہ سے تعلق رکھنے والے دو مقامی، ایک عمروہی اور دوسرا دلدار بٹ پورہ سے ایک ہفتہ قبل سری نگر کے ہسپتال میں انتقال کر گئے اور ان کی لاشوں کو مقامی ضلع منتقل کیا گیا تاہم کرناہ کپواڑہ سڑک بند ہونے سے لاشوں کو ہندواڑہ ایک مردہ خانہ میں منتقل کیا گیا۔
سرپنچ دلدار کرناہ، راجہ عبدالحمید نے بتایا کہ بارہا درخواستوں کے باوجود لاشوں کو ہوائی جہاز سے کرناہ نہیں پہنچایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ رشتہ دار گزشتہ ایک ہفتے سے صدمے سے گزر رہے ہیں کیونکہ وہ حالات کے سامنے بے بس ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں کی طرف سے کپواڑہ کرناہ روڈ پر ٹنل بنانے کا مطالبہ کیا گیا تھا اور حکومت نے بھی اس کا وعدہ کیا تھا لیکن تاحال اس حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئی۔
سرپنچ نے ضلع انتظامیہ کپوارہ سے لاشوں کو ہوائی جہاز سے آبائی مقامات پر پہنچانے کی اپیل کی۔
ضلع انتظامیہ کپواڑہ کے ایک اہلکار نے بتایا کہ انہوں نے ایک ہیلی کاپٹر کا بندوبست کرنے کی کوشش کی لیکن کم بصارت کی وجہ سے وہ ٹیک آف کرنے سے قاصر ہے۔