عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر// پرنم آنکھوں، آہوں اور سسکیوں کے درمیان، سابق پولیس افسر غلام حسن بھٹ، نے اپنے شہید بیٹے — ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ہمایوں بھٹ کو آخری سلامی دی اور خراج عقیدت پیش کیا۔ ہمایوں آج جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کے کوکرناگ علاقے میں جاری ایک تصادم میں جاں بحق ہوئے تھے۔
کوکرناگ گاؤں میں بدھ کو ایک خونیں تصادم آرائی ہوئی جس میں تین اعلیٰ افسران بشمول آرمی کرنل، آرمی میجر اور جموں و کشمیر پولیس کے ڈپٹی ایس پی جاں بحق ہوئے۔
ہمایوں بھٹ کے والد غلام حسن بٹ نے 2018 تک ڈی آئی جی کے طور پر جموں وکشمیر پولیس میں خدمات انجام دیں۔ ان کا بیٹا، ہمایوں، جو 2018 بیچ کا جے کے پی ایس افسر تھا، بدھ کو ایک تصادم کے دوران اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ آج شام پرنم آنکھوں اور سسکیوں کے درمیان اپنے شہید بیٹے کو خراج عقیدت پیش کیا۔ غلام حسن بھٹ نے پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد یہاں ضلع پولیس لائنز سری نگر میں اپنے بیٹے کو “آخری سلامی” دی۔
کوکرناگ میں فائرنگ کے تبادلے میں جاں بحق ہونے والے ہمایوں کی ڈیڑھ سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ حال ہی میں باپ بنے تھے، ایک ماہ قبل ہمایوں کے پہلے بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ تاہم اس موت نے خاندان کی خوشیوں کو تہس نہس کر دیا ہے۔