سری نگر// جموں و کشمیر میں گزشتہ4روز میں زلزلے کے 11 جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا ہے۔
نیشنل سینٹر فار سیسمولوجی (این سی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جمعہ کو جموں و کشمیر میں دو جھٹکے ریکارڈ کیے گئے۔
ریکٹر اسکیل پر 3.4 کی شدت کا پہلا جھٹکا (عرض البلد 33.17 ڈگری شمال اور طول البلد 75.57 ڈگری مشرق کے ساتھ) صبح 3بج کر28 منٹ پر پیش آیا۔
زلزلے کا مرکز ڈوڈہ قصبہ سے 3.5 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ جس کی زیرِ زمین گہرائی 5 کلومیٹر تھی۔
این سی ایس کے اعداد و شمار کے مطابق ریکٹر اسکیل پر (عرض البلد 33.23 ڈگری شمال اور طول البلد 75.56 ڈگری مشرق کے ساتھ) 2.7 شدت کا دوسرا جھٹکا صبح 4بج کر07 منٹ پر محسوس کیا گیا۔
دوسرے زلزلے کا مرکز بھی ڈوڈہ سے 10 کلومیٹر شمال میں تھا اور گہرائی زمین کے اندر 10 کلومیٹر تھی۔
جمعہ کوپیش آنے والے دو جھٹکوں کے ساتھ، گزشتہ چار دنوں کے دوران جموں و کشمیر میں زلزلے کے 11 جھٹکے ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
تاہم ان زلزلوں سے کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
واضح رہے کہ جموں کشمیر اور لداخ زلزلیاتی پیمانے پر سب سے زیادہ خطرناک پانچ اور چار زون میں آتے ہیں۔