۔6113یاتریوںپر مشتمل ایک اور قافلہ پہنچ گیا درشن ، پوجا ، ہوّن اور پرساد بُکنگ کیلئے آن لائن سہولیت شروع

نیوز ڈیسک

سرینگر// سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے میںسنیچر کو بھگوتی نگرجموں سے 1292 خواتین،195 سادھو ئوںاور 25 بچوں سمیت6113یاتریوں کا قافلہ 228 گاڑیوں میں سوار ہوکر پہلگام اور بالتل کی جانب روانہ ہوا۔سہ پہر کے وقت یاتریوں کے قافلے پہلگام نقن ون اور بالتل سونہ مرگ سخت حفاظتی انتظامات میں پہنچ گئے۔حکام نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ دن کے دیڑھ بجے چندرکوٹ رام بن اور ساڑھے 3بجے کے بعد بانہال ٹنل کو پار کرنے کی کسی بھی یاتری کو اجازت نہیں دی جائیگی۔

 

یاتریوں کیلئے یہ بھی لازم قرار دیا گیاہے کہ وہ صبح 5بجے سے11بجے تک دومیل بالتل اورچندی واڑی پہلگام گیٹ عبور کریں اورساتھ ہی سہ پہر3بجے کے بعدکسی بھی یاتری کوپنجترنی سے گھپاکی جانب سفر جاری رکھنے کی اجازت نہیں دی جائیگی ۔ واضح رہے کہ 70 سال سے زیادہ عمر والے افراد ،13سال کی عمر سے کم بچوں وبچیوں اور6ماہ کی حاملہ خواتین کیلئے یاترا کوممنوعہ قرار دیاگیاہے ۔حکام نے بتایا کہ سنیچر کی صبح بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ ہونے والے یاتریوں میں سے4173 یاتری 148 گاڑیوں کے قافلے میں پہلگام بیس کیمپ کے لیے روانہ ہوئے، جب کہ دیگر 1940 یاتری80گاڑیوں کے قافلے میں بال تل بیس کیمپ پہنچ گئے۔ادھراَمرناتھ جی شرائین بورڈ نے امرناتھ گھپا کے شیو لنگ کا درشن کرنے کیلئے،دنیا بھر میں موجود عقیدت مندوںکے لئے ورچیول درشن ، پوجا ، ہاون اور پرساد بُکنگ وغیرہ کرنے کے لئے آن لائن سہولیت شروع کی۔اِس موقعہ پربتایا گیا کہ عقیدت مند اَپنی پوجا ، ہاون اور پرساد آن لائن بُک کرسکتے ہیں اور پوتر گپھا کے پجاری اسے عقیدت مند کے نام پر پیش کریں گے ۔ اِس کے علاوہ پرساد بعد میں عقیدت مندوںکے گھر تک پہنچایا جائے گا۔

 

یاتری حرکت قلب
بند ہونے سے فوت
غلام نبی رینہ
کنگن//بالتل میں ایک یاتری کی حرکت قلب بند ہونے سے موت واقع ہوئی ہے۔ سنیچر کوگھپا میں ایک 54سالہ بلوندر تیال ولد رام گوپال تیال ساکن بریلی یوپی پر دل کا دورہ پڑا اور وہ اچانک گر پڑا ۔اگرچہ مزکورہ شخص کو علاج و معالجہ کیلئے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا لیکن وہاں پر ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا ۔لاش سونہ مرگ ہسپتال کے مردہ گھر میں لائی گئی جہاںاس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔واضح رہے کہ 19 جون کو دومیل کے مقام پر پنجاب سیوک فری لنگر میں بطور مزدور کام کررہا ایک 24سالہ نوجوان بھی حرکت قلب بند ہونے سے فوت ہوگیا تھا ۔