۔2047تک بھارت عالمی طاقت بن چکاہوگا:راجناتھ

سرینگر // وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی ہندوستان کی افواج کمزور ہوئیں، حملہ آوروں نے ملک کو نقصان پہنچایا ۔ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ فوج صرف قوم کی سرحدوں کی حفاظت نہیں کرتی بلکہ وہ اس ملک کی ثقافتی، اقتصادی اور ایک طرح سے پوری تہذیب کی حفاظت کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے طور پر ہم نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ ہماری افواج مضبوط ہیں، ان کے پاس جدید ترین ہتھیار ہیں اور ان میں جوانی باقی ہے۔ ہم نے بھارت کی فوجی طاقت بڑھانے کیلئے ہر قدم اٹھایا ہے اور ہم بھارت کو دوبارہ سپر پاور بنا سکتے ہیں۔سی این آئی کے مطابق نئی دہلی میں منعقدہ اقتصادی کانفرنس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ بڑی طاقت کے ساتھ بڑی ذمہ داری آتی ہے۔خطاب میں وزیر دفاع نے یہ بھی نوٹ کیا کہ جب ہندوستان ایک سپر پاور کے طور پر ابھرے گا تو اسے یہ یقینی بنانا ہوگا کہ پوری دنیا میں جمہوریت، مذہبی آزادی، انسانوں کا وقار اور عالمی امن جیسی عالمی اقدار قائم ہوں۔وزیر دفاع نے کہا کہ حکومت ملک کے تقریباً تمام شعبوں پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لیے کام کر رہی ہے۔