یو این آئی
چنڈی گڑھ// پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت سنگھ مان نے منگل کو 2436.49 کروڑ روپے کی لاگت سے 13400 کلومیٹر لنک سڑکیں بنانے کی ہدایت دی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ لنک سڑکیں ریاست کی اقتصادی ترقی کو تحریک دیتی ہیں اور دیہی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو سہولت فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان سڑکوں کو اولین ترجیح، ترجیحی اور ضرورت مند سڑکوں کے زمرے میں رکھ کر تعمیر کیا جائے ، تاکہ لوگوں کو اس کے فوائد مل سکیں۔مسٹر مان نے محکمہ تعمیرات عامہ اور منڈی بورڈ کے عہدیداروں سے کہا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ان سڑکوں کی تعمیر پر ایک ایک پیسہ انصاف کے ساتھ خرچ کیا جائے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاستی حکومت نے ریاست بھر میں دیہی لنک سڑکوں کو چوڑا، مضبوط اور اپ گریڈ کرکے لنک روڈ کے بنیادی ڈھانچے کو بڑا فروغ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں دیہی سڑکوں کی تعمیر کے لیے ‘آرٹیفیشل انٹیلی جنس’ ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ قدم ریاست کے موجودہ وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال کو یقینی بنائے گا اور دیہی سڑکوں پر اعلیٰ معیار کے کام کو یقینی بنائے گا۔