عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//بانہال رام بن سیکٹر میں کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور پتھر گرنے کے واقعات کے بعد حکام نے اتوار کو جموں سرینگر قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت روک دی اور ضروری مرمت کے بعد 15گھنٹے کے بعد شاہراہ جزوی طور پر بحال کی گئی۔ٹریفک پولیس نے کہا”جموں سرینگر شاہراہ پر شیر بی بی کے علاقے میں کشتواڑی پتھر کے مقام پر بھاری پتھر گر آئے، جسکی وجہ سے شاہراہ بند ہوگئی‘‘۔انہوں نے کہا کہ بانہال رام بن سیکٹر میں شدید بارش کے بعد مٹی کے تودے اور پتھرگرنے کی وجہ سے شاہراہ مہاڑ، کیفے ٹیریا موڈ اور گنگرو علاقوں میں بھی بند رہی۔انہوں نے مزید کہا کہ شاہراہ پر بھیڑ سے بچنے کے لیے قاضی گنڈ اور ادھم پور اطراف میں ٹریفک کی نقل و حرکت روک دی گئی۔ شاہراہ پر قریب 6مقامات پر بھاری پتھر اور چھوٹے پتھروں والی پسیاں گر آئیں جس کے نتیجے میں 15گھنٹے
تک ٹریفک بند رہا۔ بعد میں شام کے وقت ٹریفک کو جزوی طور پر بحال کیا گیا۔