منڈی // ممبر اسمبلی پونچھ شاہ محمد تانترے نے کہا ہے کہ پونچھ یونیورسٹی کیمپس کا کام بہت جلد شروع ہوجائے گا۔ منڈی لورن کے علاقہ بیلہ بالا میں پارٹی کارکنان کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تانترے نے کہاکہ محبوبہ مفتی کی قیادت والی سرکار پونچھ کی عوام کے مسائل حل کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابق حکومتوں نے یہاں کے عوام کا ہر لحاظ سے استحصال کیا مگر جب سے ریاست میں پی ڈی پی جماعت معرض وجود آئی ہے تب سے یہاں کی غریب عوام کو ان کا حق ملنا شروع ہو گیا ہے۔ان کاکہناتھاکہ منڈی کیلئے ڈگری کالج کی منظور ی اور پالی ٹیکنیک کالج کا منظور ہونااس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں کی تعمیر و ترقی میں ریاستی حکومت اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے ۔اس موقعہ پر متعدد کانگریس ورکران نے پی ڈی پی میں شمولیت کرلی جن کا کہناتھاکہ وہ گزشتہ تین برسوں کی کارکردگی سے متاثر ہوکر پارٹی میں شامل ہورہے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ بیلہ بالا میں سرکار کی طرف سڑکوں کی تعمیر شروع کی گئی ہے اور غریب لوگوں کو وقت پر راشن مل رہاہے جبکہ پانی کی پائپیں بھی نصب کی گئی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ وہ گائوں کی ترقی دیکھ کر پی ڈی پی میں شامل ہوئے ہیں ۔اس موقعہ پر بولتے ہوئے سابق فوجی عبدالغنی نے کہاکہ وہ کانگریس کو ووٹ دے دے کر تھک گئے مگر جب کام کی بات ہوتی تو کوئی بھی کانگریسی لیڈر فون تک اٹھانے کوتیار نہیںہوتاتھامگر شاہ محمدتانترے کی شخصیت اس کے بالکل برعکس ہے ۔اس موقعہ پر پی ڈی پی بلاک صدر منڈی پیر زادہ بلال مخدومی،سینئر لیڈر بشیر خاکی ، پیر خورشید،حبیب اللہ نائیک، اعجاز تانترے بھی موجود تھے ۔پارٹی میں شامل ہونے والوں میں فوجی عبدالغنی لون، غلام محمد نجار، رمصان نجار ،شبیر نجار، محمد اسلم ،وزیر محمد، مشتاق احمد، نذیر حسین ،امتیاز احمد قابل ذکر ہیں۔