یونیورسٹی طلاب اور مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا  | 3برس سے زیرتعمیرحضرت بل کارپارکنگ مکمل ہونے کا نام نہیں لے رہی

 

پرویز احمد 

سرینگر //حضرت بل سرینگر میں زیر تعمیر کارپارکنگ مکمل ہونے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے اور اس وجہ سے نہ صرف آثار شریف حضرت بل آنے والے زائرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ یونیورسٹی سے صدر بل جانے والے راستے پر ہی لوگوں اور مقامی دکانداروں کو اپنی گاڑیاں پارک کرنے پڑتی ہیں۔ کشمیر یونیورسٹی کے ایک طالب علم سمیر احمد نے بتایا ،’’یونیورسٹی کے باہر پارکنگ کا کوئی بھی انتظام نہیں ہے اور اگر کوئی طالب علم کسی کام کیلئے یونیورسٹی سے باہر آتا ہے تو اس کو اپنی گاڑی مین سڑک پر پارک کرنی پڑتی ہے ‘‘۔ سمیر نے بتایا کہ مین روڑ پر کار پارک کرنے کی وجہ سے نہ صرف  راہگیروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ مقامی دکانداروں کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔حضربل کے ایک دکاندار غلام محمد  نے بتایا ’’ دکانوں کے سامنے گاڑیاں پارک ہونے کی وجہ سے گاہک واپس چلے جاتے ہیں ‘‘۔انہوں نے کہا کہ کار پارکنگ پر پچھلے تین سال سے کام چل رہا ہے جو ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہا ہے اور کام مکمل ہونے میں مزید وقت درکار ہے۔ مقامی دکانداروں نے  انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ کار پارکنگ کو جلد سے جلد مکمل کرکے لوگوں کو راحت پہنچائیں۔