یوم آزادی سے قبل خطہ چناب اور میدانی جموں میں بڑے پیمانے پر ترنگا ریلیوں کا اہتمام

آئی آر پی کی جانب سے کشتواڑ میں ترنگا ریلی منعقد
عاصف بٹ
کشتواڑ//آزادی کے امرت مہواتسو کے تحت ہر گھر ترنگا مشن کو فروغ دینے کے لئے آئی آر پی کی 22 ویں بٹالین کشتواڑ نے ضلع انتظامیہ کشتواڑ، ضلع پولیس ،سی آرپی ایف،سکولی و کالج کے طلباء کے ساتھ ترنگا مارچ کا انعقاد کیاجس میں جی ڈی سی کشتواڑ ،ہائرسکینڈری گرلز، ہائرسکینڈری بوائز سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے تقریباً 150 طلبا نے شرکت کی۔ ترنگا مارچ ٹی آر سی گراؤنڈ کشتواڑ سے شروع ہوا اور ڈگری کالج کشتواڑ میں اختتام پذیر ہوا جس کے بعد ڈگری کالج کے کانفرنس ہال میں ہر گھر جھنڈا کی اہمیت کے موضوع پر ایک سمپوزیم منعقد ہوا۔ اس کے علاوہ حب الوطنی کے گیت، قومی پرچم کی اہمیت پر کہانیاں اور ہر گھر ترنگا پروگرام کا حصہ تھے۔ مہمان خصوصی ڈی سی کشتواڑ نے شرکاء سے خطاب کیا اور پروگرام کے اختتام کے بعد سمپوزیم میں حصہ لینے والے طلباء میں خصوصی انعامات تقسیم کئے گئے جس میں آصف اقبال اول، انشو پریہار کو دوسری اور شیوانی شرما تیسرے نمبر پر رہے۔ اس کے علاوہ حب الوطنی کے گیت/کہانی سنانے وغیرہ میں حصہ لینے والے طلباء کو بھی شرکت کے نشان کے طور پر انعامات دئیے گئے۔

 

ڈوڈہ ضلع کے مختلف مقامات پر ترنگا ریلیاں نکالی گئیں
اشتیاق ملک
ڈوڈہ //آزادی کے امرت مہواتسو کے تحت ‘ہر گھر ترنگا’ ابھیان کے تحت ڈوڈہ ضلع میں سیول، پولیس و سیکورٹی فورسز کی جانب سے مختلف مقامات پر ترنگا ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں بھاری تعداد میں اسکولی بچوں و سیول سوسائٹی نے شرکت کی.۔ضلع میں سب سے بڑی ریلی سپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ سے نکالی گئی جس میں پولیس، سیول و سیکورٹی فورسز کے آفیسروں کے علاوہ آئی آر پی، ایس ایس بی، این سی سی، ہوم گارڈ کے دستوں نے شرکت کی۔ریلی قصبہ کے مختلف بازاروں سے ہوتے ہوئے پرانے بس اڈہ میں اختتام پذیر ہوئی۔وہیں پولیس کی جانب سے بھدرواہ، ٹھاٹھری و گندوہ میں بھی ترنگا ریلی نکالی گئی جس میں بھاری تعداد میں اسکولی بچوں، پنچائتی اراکین و سیول سوسائٹی ممبران نے شرکت کی۔اس موقع پر موجود لوگوں نے ملک کے حق میں نعرہ بازی بھی کی۔ ادھر ایس ایس بی کی ساتویں بٹالین کی جانب سے ٹھاٹھری، چلی پنگل و دیگر علاقوں میں ترنگا ریلی نکالی گئی اور اسکولی بچوں و عام لوگوں میں قومی پرچم تقسیم کئے۔

 

گول کے مختلف سکولوںمیں فل ڈرس ریہرسیل کا اہتمام
زاہد بشیر
گول//گول زون میں مختلف سکولوں میں یوم آزادی کی تیاری کے سلسلے میں فل ڈریس ریہر سیل کا اہتمام ہوا جہاں پر بچوں نے پریڈ و رنگارنگ تمدنی پروگرام ، ڈراموں ، تقاریر کا اہتمام کیا ۔ گول میں سب سے بڑی تقریب ہائر سکینڈری سکول گول میں ہوئی جہاں پر دیگر نجی و سرکاری اسکولوں سے آئے ہوئے بچوں نے بھی اس فل ڈریس ریہر سیل تقریب میں حصہ لیا ۔ اس دوران ایم ایس سی گول، گرین ویلی پبلک سکول گول کے علاوہ سرکاری اسکولوں میں تقاریب کا اہتمام کیا گیا ۔

 

سناسر میں بھی منفردگھوڑا و شکارا ترنگا ریلی منعقد
نواز رونیال
رام بن //ضلع رامبن کے سیاحتی مقام سناسر میں آزادی کے امرت مہواتسو کے موقع پر ہر گھر ترنگا مہم کے تحت ایک منفرد انداز میں گھوڑا و شکارا ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ بی جے پی ضلع رام بن کے کنوینر شام سنگھ کٹوچ و ایڈوکیٹ سورج سنگھ پریہار کی قیادت میں نکالی گئی اس ترنگا ریلی میں سینکڑوں لوگوں نے ترنگا لہرا کر آزدی کے امرت مہواتسو کا جشن منایا ۔واضح رہے کہ ضلع بھر میں ہر گھر ترنگا مہم کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ہر سو ترنگا لہرایا جارہا ہے اور حب الوطنی کا جذبہ سرشار نظر آرہاہے۔ اس موقع پر بی جے پی لیڈر سورج سنگھ پریہار سمیت دیگر افراد نے بتایا کہ وزیر اعظم کی پہل ہر گھر ترنگا مہم سے ملک بھر میں حب الوطنی کاایک نیا ماحول بنا ہے جو ہماری ملک کی شان میں اضافہ کر رہا ہے۔

 

توا کوٹ بلوال میں ’ہر گھر ترنگا‘ مہم چلائی گئی
جموں//آزادی کے امرت مہواتسوکے موقع پر رینج ہیڈکوارٹرز سی آر پی ایف جموں کے افسران اور اہلکاروں نے گاؤں توا، تحصیل کوٹ بلوال، کشمیری بستی/کالونی اور دیگر دور دراز علاقوں میں “ہر گھر ترنگا” کی مہم چلائی۔اس موقع پر لوگوں (مرد، خواتین، طلباء اور بچے وہاں جمع ہوئے) کو قومی پرچم فراہم کیا گیا اور انہیں اپنے گھروں پر ترنگا جھنڈا لہرانے کی ترغیب دی۔ مہم کے دوران بچوں، خواتین اور سابق فوجیوں/ بزرگ شہریوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی اور سبھی نے قومی پرچم کے لیے اپنے احترام اور جوش کا اظہار کیا۔ راکیش سیٹھی،ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس، رینج جموں نے اس موقع پر کہا کہ ہمارا مقصد حکومت ہند کی مہم “ہر گھر ترنگا” کو ان علاقوں اور کالونیوں تک نافذ کرنا ہے جہاں تک جانا بہت مشکل ہے اور ساتھ ہی ساتھ عزت نفس کو بھی بیدار کرنا ہے ۔

 

بوائز ڈگری کالج کٹھوعہ میں ہر گھر ترنگا ریلی کا انعقاد
جموں//”آزادی کا امرت مہوتسو” کے تحت گورنمنٹ ڈگری کالج کٹھوعہ میں “ہر گھر ترنگا” کے تھیم کے تحت ایک بہت بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کا آغازپرنسپل جی ڈی سی کٹھوعہ پروفیسر سمنیش جسروٹیا نے سینئر فیکلٹی ممبران کی موجودگی میں کیا۔ طلباء نے اپنے ہاتھوں میں تین رنگ کے لہرانے کے ساتھ “بھارت ماتا کی جئے” کے نعرے لگائے۔ “آزادی کا امرت مہوتساو” کے تحت 75 ویں یوم آزادی کا جشن منانے والے کالج کے طلباء کے ہاتھوں میں ترنگے کے ساتھ پورا کالج متحرک اور رنگین نظر آ رہا تھا۔ اسی طرح کی ایک اور سرگرمی میں ہاکی انٹرمورل کے دوران اپنے ہاتھوں میں ترنگے کے ساتھ پلے گراؤنڈ کو سجا کر اور دل کو مسحور کر کے انجام دی گئی۔ نعرہ “وندے ماترم-وندے ماترم” کی آواز نے پورے کالج میں سحر طاری کر دیا، نوجوان طلباء اور ان کے اساتذہ کے ذہنوں میں حب الوطنی اور ملک سے محبت کا جذبہ پیدا کیا ۔رضاکار طلباء نے طلباء میں قومی پرچم تقسیم کیا، جو 13-15 اگست 2022 کو ان کے گھروں پر آزادی کا امرت مہوتسو کے تحت ہندوستان کی آزادی کے 75 ویں سال کی مناسبت سے ہر گھر ترنگا تحریک کا جشن مناتے ہوئے لہرایا جائے گا۔

 

چھنی ہمت جموں میں آرمڈ پولیس کی ترنگاریلی
جموں//آرمڈ پولیس 7ویںسیکورٹی بٹالین نے چھنی ہمت جموں میں آزادی کا امرت مہواتسو “ہر گھر ترنگا” مہم کا انعقاد کیا۔ پروگرام خصوصی ترنگا مارچ بنون سے شروع ہوا۔ ہیڈکوارٹر سوریا چوک چھنی سے ہوتا ہوا وارڈ نمبر 01,02,03 اور 04 اور اس کے برعکس بٹالین ہیڈ کوارٹرز پر اختتام پذیر ہوا۔ تمام افسران/ جوانوں نے بڑے جوش و خروش اور لگن کے ساتھ پروگرام منایا۔ ہمارے ملک کی آزادی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے آزادی پسندوں کو شروع میں یاد کیا گیا۔ ترنگا کے آن بانوں اور شان کے جواب میں نکڑناٹک کا بھی اہتمام کیا گیا۔

 

گروپ سینٹر ہیرا نگر نے ترنگا ریلی اور موٹر سائیکل ریلی کا انعقاد کیا
جموں// نگروٹہ میں گروپ سینٹر سی آر پی ایف ہیرا نگر کے ذریعہ ترنگا ریلی اور سائیکل ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی نگروٹہ قصبہ اور اس سے ملحقہ علاقوں میں نکالی گئی۔ اس تقریب میں 100 سے زائد جوانوں نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ ریلی کا مقصد مقامی لوگوں کو آزادی کا امرت مہواتسو منانے کے لیے ہر گھر ترنگا پروگرام میں شامل ہونے کی ترغیب دینا تھا۔اس موقع پر بلبھ شرما ڈی آئی جی جی سی ہیرا نگر سی آر پی ایف نے ترنگا ریلی کی قیادت کی اور مقامی عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے تمام سرکاری/غیر سرکاری دفاتر آزادی کے امرت مہواتسو کے تحت طرح طرح کے پروگرام منا رہے ہیں۔ ترنگاریلی کا بنیادی مقصد عوام میں حب الوطنی کے جذبے کو پہنچانا اور ابھارنا ہے، مقامی عوام، افسران، ماتحت افسران اور سی آر پی ایف کے جوانوں کو آزادی کا امرت مہواتسو منانے کے لیے ان کے گھروں اور اداروں پر پرچم لہرانے کے لیے تحریک دینا ہے۔ نگروٹہ سے سدھرا اور پیچھے تک موٹر سائیکل ریلی کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں 50 سے زائد موٹر سائیکلیں شامل تھیں اور سبھی نے ترنگا اٹھائے ہوئے تھے اور آزادی کے 75ویں سال کا جشن منانے کے لیے وندے ماترم اور ہر گھر ترنگا کے نعرے لگائے تھے۔