ہنرمند لڑکیوں کا فاسٹ فوڈ کارنر | ڈل جھیل کے کنارے اسٹال نصب کیا

بلال فرقانی
سرینگر// ڈل جھیل کے کنارے فاسٹ فوڈ کیلئے جہاں مردوں کی جانب سے نصب کئے اسٹال نظر آتے تھے وہیں اب لڑکیوں کے ایک گروپ نے بھی ایک اسٹال نصب کیا ہے جہاں لوگوں کی اچھی خاصی تعدادنظر آتی ہے۔شہر کے حبک سے تعلق رکھنی والی ان لڑکیوں نے روایت سے ہٹ کر ڈل کے کنارے اسٹال قائم کیا ہے جہاں سیخ کباب،بنی ہوئی مچھلیاں،سیخ گوشت اور کھانے کی دوسری چیزیں دستیاب ہیں۔ اس فاسٹ فوڈ کا ذائقہ چکھنے کیلئے ہفتہ کو لوگوں کی اچھی خاصی تعداد نظر آئی۔ ان خواتین میں شامل ایک لڑکی نے بتایا کہ لوگوں کی جانب سے انہیں اچھا ردعمل نظر مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ خریداروں کی بھیڑ سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ وہ کس قدر ہماری حوصلہ افزائی کر رہے ہیں۔ مذکورہ لڑکی کا کہنا تھا کہ انہوں نے آئی ایچ ایم میں تربیت حاصل کی،جس کے بعد انہوں نے فیصلہ لیا کہ ڈل کے کنارے فاسٹ فوڈکا اسٹال نصب کیا جائے۔انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی بچیوں کی حوصلہ افزائی کریں اور انہیں اس طرح کے کام میں معاونت کریں۔انہوں نے بتایا کہ انہیں امید تھی اور امید کا دامن انہوں نے کھبی نہیں چھوڑا جس کے نتیجے میں وہ آج کامیاب ہوگئی ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں مزید لڑکیاں بھی اس میدان میں اپنا ہنر آزمائیں گی۔