سرینگر//لبریشن فرنٹ(حقیقی) چیئرمین جاوید احمد میر نے کہا ہے کہ 1947سے کشمیر میں گورنر راج اور اقتدار کی منتقلی کے درجنوں ڈرامے آزمائے گئے مگر تنازعہ کشمیر کی اہمیت ختم نہیں ہوسکی ہے۔ مزارِ شہدا عید گاہ میں شہدائے جنوبی کشمیر اور اعجاز احمد بزاز کو برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے خطاب میں جاوید میر نے کہاکہ سرِ زمین جموں کشمیر پر اقتدار کی منتقلی ہو یا گورنر راج نافذ کر کے بھی جنوبی کشمیر کے پلوامہ ، اسلام آباد (اننت ناگ) ،ترال میں عام شہریوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ عروج پر ہے۔ جاوید میر نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو پر امن طور حل کرنے کے لئے کسی بھی ہند نواز جماعت کو کوئی بھی دلچسپی نہیں ہے جبکہ بھارت کی حکومت تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے بجائے اقتدار منتقلی اور فوجی جمائو سے کام لے رہی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہند نواز جماعتیں اصل میں کشمیری عوام کی قربانیوں کا استحصال کر کے اپنے اپنے اقتدار کو حاصل کرنے کے لئے ہاتھ پائوں مار رہے ہے جبکہ تنازعہ کشمیر اور کشمیری عوام کی حقِ خودرادیت کے لئے دی جا رہی قربانیوں پر ہند نواز جماعتوں نے آج تک اپنے سیاسی محل سجائے ہیں ۔ جاوید میر نے کہا جب بھی دہلی اور اسلام آباد نے کشمیری حریت پسند قیادت سے تنازعہ کشمیر کو پُر امن طور حل کرنے کیلئے اقدامات کئے تو ہند نواز جماعتوں نے ہمیشہ اُس میں روڑے اٹکائے۔ جاوید میر ن کولگام ، اسلام آباد (اننت ناگ)اور پلوامہ میںمارے گئے حریت پسندوں اور عام شہریوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔