ہندوستان اور فرانس دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون پر متفق راجناتھ سنگھ کی فرانسیسی ہم منصب سے ملاقات میں تفصیلی تبادلہ خیال

نئی دہلی// ہندوستان اور فرانس نے دفاعی صنعت کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے اور اس کے تحت حکومت کے ڈریم منصوبے میک ان انڈیا پر خصوصی زور دیا جائے گا۔اس سلسلے میں ایک معاہدہ پیر کو یہاں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور فرانس کے وزیر دفاع سیبسٹین لورکونو کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ چوتھے ہندوستان-فرانس دفاعی مذاکرات کے دوران طے پایا۔ ملاقات میں دوطرفہ، علاقائی، دفاعی اور دفاعی صنعت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بات چیت کے دوران مستقبل میں شراکت داری اور مشترکہ پروڈکشن کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزراء نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے تکنیکی گروپ اگلے سال کے اوائل میں مل کر تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔دونوں وزراء نے اسٹریٹجک اور دفاعی شعبوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا اور ہند-بحرالکاہل خطے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے دوطرفہ، علاقائی اور کثیر جہتی فورمز پر تعاون کو بڑھانے کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزرائے دفاع نے فوجی تعاون کے دائرہ کار میں توسیع کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے بحری تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ مشقوں کی پیچیدگی اور دائرہ کار کو بڑھانے کے طریقوں پر بھی بات کی۔مسٹر لیرکونو یہاں دو روزہ دورے پر ہیں۔ دورے کے دوران انہوں نے بحریہ کے پہلے مقامی طیارہ بردار بحری جہاز آئی این ایس وکرانت کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئی این ایس وکرانت سے بہت متاثر ہیں۔ فرانس ہندوستان کا ایک قابل اعتماد اسٹریٹجک پارٹنر ہے اور دونوں ممالک اگلے سال اپنی اسٹریٹجک شراکت داری کے 25 سال مکمل ہونے کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں۔