ہرل ہندوارہ اور کنگن میں جنگلی جانور نمودار ملازم سمیت 2افراد شدید زخمی

اشرف چراغ +غلام نبی رینہ

کپوارہ+کنگن// دربل ہرل ہندوارہ علاقے میں منگل کی دوپہر ایک تیندوے نے 50 سالہ جل شکتی محکمہ کے ملازم پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کیا ۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ مذکورہ ملازم پر حملہ اس وقت ہوا جب محمد شفیع دربل ہرل میں پانی سپلائی کرانے والی پائپ کو ٹھیک کر رہا تھا ، اس موقعہ پر تیندوا اس پر جھپٹ پڑا اور مقامی لوگوں کی چینخ و پکار کے بعد تیندوا بھاگ گیا۔زخمی ملازم کو ضلع اسپتال ہندوارہ میں داخل کیا گیا جہاں سے اسے جی ایم سی بارہمولہ اور بعد میں سکمز صورہ منتقل کردیا گیا۔ مزکورہ ملازم کی گردن اور جبڑے میں شدید چوٹیں آئی ہیں اور اس کی مجموعی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ معمر شخص پر حملہ کرنے والا وہی تیندوا ہے جس نے کئی روز قبل مونبل علاقے میں ایک نابالغ لڑکے پر حملہ کر کے اس کی چیرپھاڑ کی تھی ۔ادھر کنگن میں ریچھ نے 45برس کے شخص کو زخمی کردیا ۔ مامرکنگن میں 45برس کا رحیم الدین ٹھیکری ولد یعقوب اپنے مکئی کے کھیت میں گیا تھا ، جس کے ددوران ایک ریچھ نے اس پر حملہ کرکے شدید زخمی کردیا ۔مذکورہ زخمی شخص کے چیخ پکار سے وہاں پر کچھ لوگ جمع ہوگئے اور زخمی شخص کو فوری طور پر سب ضلع ہسپتال کنگن منتقل کیا جہاں سے اس کو مزید علاج و معالجہ کے لئے صورہ منتقل کردیا گیا ۔